مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا لاہور بھر میں ممبر شپ مہم کا آغاز

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ طلبہ کی فکری، اخلاقی اور تعلیمی رہنمائی کا مؤثر پلیٹ فارم ہے
طلبہ اساتذہ کی رہنمائی کو سنجیدگی سے سنیں: اسامہ مشتاق صدرMSMلاہور

mustafavi students movement lahore membership campaign launch

لاہور (17 دسمبر 2025) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (MSM) نے لاہوربھر میں ممبر شپ مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کے تحت لاہور کی تمام بڑی یونیورسٹیز اور کالجز میں رکنیت سازی کیمپس قائم کیے جائیں گے۔ ممبر شپ مہم کا افتتاحی کیمپ گورنمنٹ ڈگری کالج ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد کیا گیا، جس کا افتتاح صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور اسامہ مشتاق نے کیا۔افتتاحی کیمپ میں سینکڑوں طلبہ نے بھرپور شرکت کی اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی رکنیت حاصل کی۔ اس موقع پر طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے اسامہ مشتاق نے کہا کہ اساتذہ کا احترام اور ان سے محبت علم کے حصول اور کامیابی کی بنیادی ضمانت ہے۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اساتذہ کی رہنمائی کو سنجیدگی سے سنیں، اس پر عمل کریں اور اس یقین کے ساتھ آگے بڑھیں کہ اساتذہ ان کے مخلص ترین رہنما ہوتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ممبر شپ مہم کے تحت لاہور کے پچاس سے زائد کالجز اور یونیورسٹیز میں رکنیت سازی کیمپس لگائے جائیں گے، جبکہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیرِاہتمام جاری ’’طلبہ رابطہ مہم‘‘ کے دوران تقریباً پچاس ہزار طلبہ تک امن، محبت اور تعلیم سب کے لیے کا پیغام پہنچایا جائے گا۔اسامہ مشتاق نے مطالبہ کیا کہ تعلیم کو ریاستی ترجیحات میں سرفہرست رکھا جائے، تعلیمی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے اور پورے ملک میں یکساں تعلیمی نظام نافذ کیا جائے تاکہ ہر طالب علم کو برابری کے مواقع میسر آ سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرستِ اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے تین دہائیاں قبل فروغِ علم، امن اور مثبت کردار سازی کے لیے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی بنیاد رکھی، جو آج بھی طلبہ کی فکری، اخلاقی اور تعلیمی رہنمائی کا مؤثر پلیٹ فارم ہے۔

اس موقع پر حماد مصطفی، حسین نواز، مہد لطیف، ذیشان بٹ، عبداللہ بھٹی، ملک صیام سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے، اس موقع پر گورنمنٹ ڈگری کالج ماڈل ٹاؤن کے سینکڑوں طلبہ نے کیمپ میں شرکت کرتے ہوئے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی رکنیت حاصل کی۔

تبصرہ