حکومت کی 9 ماہ کی کارکردگی نے ظالم کو طاقتور اور مظلوم کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا
پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے کوآرڈینیٹر چودھری ذوالفقار ایڈووکیٹ کی سینٹرل کونسل کے اجلاس سے گفتگو
پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے کوآرڈینیٹر چودھری ذوالفقار ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے 9 ماہ میں بڑھتا ہوا افراط زر اور اسکے نتیجے میں پھیلنے والی مہنگائی میں عام آدمی کیلئے گزر بسر نا ممکن ہوتی جا رہی ہے۔ محنت کشوں کی حقیقی آمدنی میں کمی واقع ہو رہی ہے جبکہ سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور وڈیروں کی شرح منافع میں بے تحاشا اضافہ ہو رہا ہے۔ غریب اور امیر کے درمیان اتنی وسیع خلیج پہلے کبھی موجودنہ تھی اور اب طبقاتی تفریق شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ اس معاشی امتیاز کے خلاف عوام میں پائی جانیوالی نفرت اور غصہ پر حکمرانوں کی بے حسی، بے شرمی اور سرد مہری اذیت ناک ہے۔ وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک پنجاب کی سینٹرل کونسل کے اجلاس سے گفتگو کر رہے تھے۔ جبکہ اس موقع پر راجہ ندیم، عبد الحفیظ چودھری، افضل گجر، چودھری سلطان محمود، الطاف رندھاوا، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ فرسودہ سیاسی نظام زندہ رہنے کے بنیادی انسانی حقوق کیلئے بھی خطرہ بن چکا ہے۔ ظالم حکمران اپنی نا اہلیوں اور غلط پالیسیوں سے پورے ملک کو تھر پارکر بنانے پر تلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی 9ماہ کی کارکردگی نے ظالم کو طاقتور اور مظلوم کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ عقل سے بے بہرہ، ادراک و شعور سے بیگانہ، ویثرن سے عاری صاحبان اختیار ایسے ایسے پلٹے مار رہے ہیں کہ انکی تراکیب انکی ہی تضحیک کا باعث بنتی جا رہی ہیں۔
تبصرہ