پاکستان کو بچانے کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا: شیخ زاہد فیاض

سیاسی کلچر کو بدلنے کیلئے انتخابی کلچر کو بدلنا انتہائی ضروری ہے
ڈاکٹر طاہر القادری عوام کو بحران سے نکالنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں
قوم مایوس نہ ہوڈاکٹر طاہر القادری ہر بحران میں فکری رہنمائی کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں
شیخ زاہد فیاض کی مرکزی سیکرٹریٹ میں اسلام آباد سے آئے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران سے گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ آج کا پاکستان اسلامی ہے نہ جمہوری قوم کو فکری اور نظریاتی غلامی سے باہر نکالنا ہو گا۔پاکستانی قوم فکری طور پر غریب ہو چکی ہے دہشت گردی ، انتہا پسندی اور کرپشن ہر سو پھیلتی جا رہی ہے۔آج غلط کو غلط کہنے کی ضرورت ہے۔آنکھیں بند کرنے سے کچھ نہ ہو گا۔پاکستان کو بچانے کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔قوم کے سوئے ہوئے احساس کو بیدار کرنا ہو گا ۔پاکستان عوامی تحریک عوام کو غلامی سے نجات دلانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ،اس جدوجہد میں عوام کو شریک کرنے کیلئے کارکن قریہ قریہ پھیل جائیں۔حقیقی عوامی قیادت کو آگے لانے کیلئے ہر فرد اپنی ذمہ داری کو سمجھے اور قیادت 3%سے چھین کر 97%کو منتقل کی جائے اسی سے پاکستان حقیقی اسلامی اور جمہوری بنے گا۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادر ی قوم کیلئے جو درد رکھتے ہیں وہ ہر سینے کو منتقل کرنا ہو گا تا کہ پاکستانیوں کی خوشحالی اور عزت و وقار انہیں واپس مل سکے۔معاشی غلامی کی زنجیروں کو توڑنے کیلئے جذبہ حب الوطنی کو بیدار کر کے استقامت سے عوام کو اقتدار منتقل کرنا ہو گا۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں اسلام آباد سے آئے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران سے گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پر سردار منصور ، عمر ریاض عباسی ،ابرار رضا ایڈووکیٹ ،،غلام علی ،ریاض بٹ ،عبد الواحد بٹ اورثاقب بٹ بھی موجود تھے ۔شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ امانتیں اصل افراد کو سپرد کرنے کا احساس جس دن عوام میں آگیا ملک میں معاشی اور سیاسی انقلاب آجائے گا۔ عوام کے شعور کو بیدار کرنے کیلئے محنت کرنا ہو گی۔سیاست لوٹنے کا نہیں عوام کے مسائل کو حل کرنے کا نا م ہے مگر آج لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری عوام کو بحران سے نکالنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔پارلیمنٹ سنور جائے تو ملک سنور جائے گا۔سیاسی کلچر کو بدلنے کیلئے انتخابی کلچر کو بدلنا انتہائی ضروری ہے اور پاکستاں عوامی تحریک اسی ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر عوام کے شعور کو بیدار کر رہی ہے۔ کرپشن زدہ گلے سڑے سیاسی نظام نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔منافقانہ اور دجل و فریب پر مبنی نظام کو سمندر برد کرنا ہو گااور اس کیلئے پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد جاری ہے۔پاکستاں عوامی تحریک معاشرے میں خیر کے رویوں کر عام کر نے پر محنت کر رہی ہے اور اس کے ثمرات آنے والے وقت میں عوام ضرور دیکھیں گے۔قوم مایوس نہ ہو کیونکہ ہر بحران میں ڈاکٹر طاہر القادری فکری رہنمائی کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔عوام ڈاکٹر طاہر القادری کی ایک کروڑ افراد کی نماز انقلاب میں شامل ہونے کا عزم کریں۔نماز انقلاب کھڑے ہونے کی دیر ہے لٹیرے حکمران بھاگ جائیں گے۔

تبصرہ