جب حکمرانوں نے ملی غیرت کو ہی بھلا دیا تو دوسرے ہمارا تماشہ کیوں نہ دیکھیں؟:خرم نواز گنڈا پور

پاکستان عوامی تحریک 29دسمبر کو ظالم حکمرانوں کی نا اہلیوں، ہوشربا مہنگائی اور لا قانونیت کے خلاف تاریخی ریلی نکالے گی
ڈاکٹر محمد طاہر القادری اس قوم کے مظلوموں اور محروموں کے ساتھ ہیں
پاکستان عوامی تاجر اتحاد کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے 6ماہ میں بڑھتا ہوا افراط زر اور اس کے نتیجے میں پھیلنے والی مہنگائی عام آدمی کے لیے گزر بسر ناممکن ہوتی جارہی ہے۔ روپے کی قدر میں کمی کے ساتھ عوام کی قوت خرید بھی مسلسل کم ہورہی ہے۔ محنت کش عوام کی حقیقی آمدن میں کمی واقع ہورہی ہے جبکہ سرمایہ دار وں، جاگیرداروں اور وڈیروں کی شرح منافع میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے۔ امیر اور غریب کے درمیاں اتنی وسیع خلیج پہلے کبھی موجود نہ تھی اور اب یہ طبقاتی تفریق شدت اختیار کرتی جارہی ہے۔ اس معاشی امتیاز کے خلاف عوام میں پائی جانے والی نفرت اور غصہ پر حکمرانوں کی بے حسی، بے شرمی اور سرد مہری اذیت ناک ہے۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تاجر اتحاد کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ وفد کی قیادت حاجی محمد اسحاق کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر سلطان محمود چوہدری، افضل گجر، حافظ غلام فرید، حفیظ الرحمن اور الطاف رندھاوا بھی موجود تھے۔

خرم نواز گنڈ ا پور نے کہا کہ مہنگائی، بے روز گاری اور انفراسٹرکچر کی بد حالی عوام کے لیے عذاب مسلسل بن چکی ہے۔ موجودہ فرسودہ سیاسی نظام زندہ رہنے کے بنیادی انسانی حق کے لیے ہی خطرہ بن چکا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک 29دسمبر کو ظالم حکمرانوں کی نا اہلیوں، ہوشربا مہنگائی اور لا قانونیت کے خلاف تاریخی ریلی نکالے گی۔ ریلی کا مقصود آئین کے آرٹیکل 38کا عملی نفاذ ہو گا۔ پاکستان عوامی تحریک کسی کو منافرت پھیلانے اور پاکستان کا اصل چہرہ مسخ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد ایک قوم کے مقصود کو آگے بڑھانا ہے اور ڈاکٹر محمد طاہر القادری اس قوم کے مظلوموں اور محروموں کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی6ماہ کی کار کردگی نے ظالم کو طاقت اور مظلوم کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا اور اگر ان 6 ماہ میں عوام کی محرومیوں کا جائزہ لیا جائے تو واضح ہوجاتا ہے کہ مظلوم عوام کا سب سے زیادہ استحصال حکومت کی سرپرستی میں ہی ہورہا ہے۔ حکمران قوم کو چیتھڑے پہنا کر کوچہء بازار میں لے آئے ہیں۔ غریب عوام کے چیتھڑے اٹھا اٹھا کر، دنیا کو زخم دکھا دکھا کر امداد کے متمنی رہتے ہیں۔ ہمارے پاس سب کچھ ہوتے ہوئے بھی کچھ نہیں۔ جب حکمرانوں نے ملی غیرت کو ہی بھلا دیا تو دوسرے ہمارا تماشہ کیوں نہ دیکھیں ؟ ہر سال ملک کے صرف ایک صوبے میں تقریباً 50 ہزار نوجوان گریجوایشن مکمل کر کے نکل رہے ہیں اور ہم پہلے سے موجود ملازمین کی ڈاؤن سائزنگ کر رہے ہیں کسی کو ئی علم نہیں کہ یہ نوجوان مایوسیوں کی کونسی کھائیوں میں ڈوب رہے ہیں۔ عقل سے بے بہرہ اور ادراک و شعور سے بیگانہ وژن سے عاری صاحبان اختیار ایسے ایسے پلٹے مار رہے ہیں کہ ان کی تراکیب انکی تضحیک کا باعث بنتی جارہی ہیں۔

تبصرہ