لاکھوں فرزندان توحید و عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ڈاکٹر
طاہرالقادری کی معیت میں منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں اعتکاف بیٹھیں گے
60 سے زائد انتظامی کمیٹیوں نے اپنے کام کا آغاز کر دیا
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 23 واں سالانہ اجتماعی مسنون اعتکاف جامع المنھاج ٹاؤن شپ میں منعقد کیا جائے گا۔ حرمین شریفین کے بعد دنیا کے سب سے بڑے اجتماعی مسنون اعتکاف میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین شرکت کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شہر اعتکاف کو سجانے کے لئے بنائی جانے والی 60 کمیٹیوں کے پہلے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کل کے ہونے والے اجلاس میں شہر اعتکاف 2013 کی تیاریوں کے سلسلے میں مشاورت کے بعد شہر اعتکاف کے انتظامی امور کوحتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن و سربراہ مرکزی کمیٹی شہر اعتکاف شیخ زاہد فیاض نے بتایا کہ شہر اعتکاف 2013 میں شرکت کے لئے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 15 جولائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال شہر اعتکاف میں جگہ کم پڑنے اور ایڈوانس رجسٹریشن نہ ہونے کے باعث سینکڑوں معتکفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، لہٰذا تنظیمات بروقت رجسٹریشن کروا لیں تاکہ کسی بھی پریشانی کاسامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے بتایا کہ شہر اعتکاف میں ہزاروں مرد و خواتین کے لئے علیحدہ علیحدہ انتظام کیا جاتاہے۔ شہر اعتکاف کے تمام امور کو کنٹرول کرنے کے لئے مرکزی کنٹرول روم بنایا جائے گا، جہاں 60 سے زائد انتظامی کمیٹیوں کے درمیان کوآرڈینیشن کا مربوط نظام قائم ہوگا۔ انتظامیہ کی جانب سے شہر اعتکاف میں سحر و افطار کے وقت کھانے کی ترسیل کا انتہائی اعلیٰ نظام وضع کیا جائے گا، طہارت اور وضو کے لئے وسیع انتظامات کئے جائیں گے۔
شیخ زاہد فیاض نے بتایا کہ ہرسال کی طرح اس مرتبہ بھی انتظامی طورپر شہر اعتکاف کو مختلف بلاکس میں تقسیم کیاگیا ہے، حبس اورگرمی سے بچاؤ کے لئے سینکڑوں پنکھے اور دیو ہیکل پنکھے بھی شہراعتکاف میں لگائے جائیں گے۔ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے منہاج ویلفیئرفاؤنڈیشن کی ایمبولنسز ہمہ وقت شہر اعتکاف کے دروازے پر موجود ہوں گی۔ اس کے علاوہ شہر اعتکاف میں فری منہاج میڈیکل کیمپ بھی لگایا جائے گا، جہاں ماہر ڈاکٹرز کی ٹیمیں معتکفین کے علاج معالجہ کے لئے ہمہ وقت موجود ہوں گی۔
تبصرہ