پاکستان عوامی تحریک کے پرامن دھرنے الیکشن ڈے پر ہوں گے
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ موجودہ الیکشن کمیشن غیر آئینی ہے۔ موجودہ نظام انتخاب مخدوش اور بوسیدہ ترین عمارت ہے جس سے ملک و قوم کو شدید ترین خطرہ ہے اس لیے مسمار کر کے اسکی تعمیر نو کی ضرورت ہے۔ مرمت سے کام چلانے کی کوشش قوم کو ملبے تلے دبانے کا مکروہ اقدام ہو گا۔ موجودہ نظام کے تحت ووٹ ڈالنا جرم ہو گا۔ اس جرم میں شامل ہونے کی بجائے عوام کو شعور و آگہی کی چھتری تلے پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں میں شریک ہو کر پوری دنیا کو جمہوری شعور کا ثبوت دینا ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں پاکستان عوامی تحریک لاہور کے وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں چوہدری افضل گجر، تنویر اعظم سندھو اور حافظ غلام فرید بھی شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے پرامن دھرنے الیکشن ڈے پر ہوں گے۔ پاکستان عوامی تحریک موجودہ نظام انتخاب کے خلاف عوام میں شعور بیدار کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی اور اسکا بہترین مظاہرہ پولنگ ڈے پر دھرنوں کی صورت میں ہو گا۔ پاکستان عوامی تحریک نے وطن عزیز کی بقا،ترقی اور عوامی خوشحالی کے دشمن نظام انتخاب کو کلیتاً مسترد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جنگ ووٹنگ کے خلاف نہیں کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف ہے۔ شور شرابے کیلئے چندلوگوں کو نااہل قرار دے کر الیکشن کمیشن قوم کا خیر خواہ ہونے کا ڈرامہ کر رہا ہے۔
تبصرہ