الیکشن کمیشن اصغرخان کیس پر عمل درآمد کرے تو بڑے بڑے بت پاش پاش ہوجائیں گے۔ عمر ریاض عباسی

اصغرخان کیس کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق سیاست کے حمام میں سب ننگے ہوچکے ہیں
آئی جے آئی کے پلیٹ فارم سے تمام سیاست دانوں نے ایجنسیوں سے پیسے لیے سپریم کورٹ جس کا فیصلہ بھی دے چکا ہے
تمام مرتکب افراد کو نااہل قرار دے کر الیکشن کمیشن انتخابات کوحقیقی معنوں میں شفاف بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے کہا ہے کہ الیکشن اور کرپشن کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ اور الیکشن کمیشن بھی ان کے ساتھ برابر کا شریک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی، اسلام آباد کے تنظیمی اجلاس کے بعد روزنامہ ۔۔۔۔۔۔ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان، سیکرٹری اطلاعات شمریزاعوان، سہیل عباسی بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اصغر خان کیس پر عمل درآمد کرے تو بڑے بڑے بت پاش پاش ہوجائیں گے۔ سپریم کورٹ کے اصغرخان کے فیصلے کے مطابق سیاست کے حمام میں سب ننگے ہو چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن اصغرخان کے فیصلے کو سامنے رکھتے ہوئے ملوث افراد کو نااہل قرار دے کر پاکستانی سیاست کو شفاف بنائے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جے آئی کے پلیٹ فارم سے جن سیاست دانوں یا جن افرادنے بھی ایجنسیوں سے رقوم وصول کیں ان کے خلاف کاروائی کر کے ان سے پیسے بھی نکلوائے جائیں اور آئندہ کے لئے ان پر سیاست دروازے ہمیشہ کے لیے بند ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ الیکشن کمیشن کی تکمیل غیر آئینی ہے اس کے باوجود ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن اصغر خان کیس کے مطابق بڑے مگرمچھوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائے۔ اگر ایسا نہیں کیا جاتا تو تمام تر خرابی کا ذمہ دار الیکشن کمیشن ہوگا۔ ایسے حالات میں موجودہ الیکشن کمیشن کے ہوتے ہوئے نہ ہی شفاف انتخابات اور نہ ہی ان کے ذریعے مثبت تبدیلی یاحقیقی جمہوریت کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اگر ظلم سے نجات چاہتے ہیں تو 11 مئی کو الیکشن کو مسترد کر کے عوامی تحریک کے دھرنے میں شامل ہو کر موجودہ نظام کو مسترد کر دیں۔ موجودہ نظام قوم کو بغاوت اور انقلاب کی جانب دھکیل رہا ہے۔

عمر ریاض عباسی نے کہا کہ قوم کو عدل اور انصاف مہیا کرنے والے کیوں خاموش ہیں، جعلی ڈگری والے، بنک ڈیفالٹرز، کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کرنے والے دندناتے پھر رہے ہیں۔ چندگنے چنے افراد کے خلاف کاروائی کر کے عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔

تبصرہ