پاکستان کو خوشحال و ترقی یافتہ بنانے کیلئے تعلیم کو فروغ دینا ہو گا:شیخ فرحان عزیز
تعلیم ہی امن، ترقی و خوشحالی کا راستہ ہے:مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ
لاہور(3 نومبر 2024) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی مرکزی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی و زونل عہدیداران اور ممبران ایگزیکٹو کونسل نے شرکت کی۔ اجلاس میں لاہور سمیت پورے ملک میں’’ طلبہ رابطہ مہم‘‘ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی’’ممبر سازی‘‘ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر شیخ فرحان عزیز نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ طلبہ رابطہ مہم‘‘ اور’’ممبر سازی‘‘ مہم کا آغاز رواں ماہ کیا جائے گا۔ اس ممبر سازی مہم میں ملک کے ہر تعلیمی ادارے میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا پیغام پہنچایا جائے گا اور طلبہ کو ایم ایس ایم میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی اور تعلیمی اداروں میں ممبر سازی کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ طلبہ کےلئے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ایک بہترین پلیٹ فارم ہے جس میں طلبہ کی تعلیم و تربیت پر محنت کی جا تی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے تعلیم کو فروغ دینا ہو گا۔ تعلیم ہی ترقی و خوشحالی کا راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ مستقبل کے معمار ہیں اس لئے ان کی تربیت اہم ترین فریضہ ہے۔ تعلیم زندہ قوموں اور مہذب سماج میں بالادستی کی علامت ہے۔ تعلیم یافتہ سماج با حوصلہ، بلند ہمت اور انسانی اقدار کا سچا علمبردار مانا جاتا ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ایک ایسے پاکیزہ اور پر امن معاشرے کی تشکیل کےلئے کوشاں ہے جہاں ہمدردی، غمگساری اور خیر سگالی کے جذبات ہوں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں تعلیم کے فقدان کو کم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے۔ تعلیم کے جذبے کو پروان چڑھانے کیلئے تعلیمی بجٹ میں اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے تعلیم کو فروغ دینا ہو گا۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تین دہائیوں سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رہنمائی میں فروغ تعلیم اور طلبہ کی کردار سازی کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی تعلیم سب کا حق ہے۔ بہت سے مستحق طالب علم ہر سال تعلیمی اخراجات پورے نہ ہونے کے باعث تعلیم سے محروم رہ جاتے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ملک بھر کی یونیورسٹیز اور کالجز میں طلبہ کی اخلاقی، دینی اور روحانی تربیت کیلئے مزید مراکز علم قائم کرے گی۔ مراکز علم کے قیام کا مقصد انتہا پسندانہ رویوں کا خاتمہ اور مایوسی کو امید میں بدلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا سب سے بڑا چیلنج طلبہ اور نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی بے یقینی اور مایوسی کو ختم کرنا ہے۔
اجلاس میں میاں عنصر محمود، سہیل مجید، اسامہ مشتاق، چوہدری ذیشان مصطفوی، راشد مصطفوی، رائو تاثیر احمد، شوکت علی مغل، قسیم سجاد، حماد مصطفیٰ سمیت دیگر رہنمائوں اور زونل صدور نے آن لائن شرکت کی۔
تبصرہ