ہر فرد اپنے گھر کے اندر یا گھر کے باہر کم از کم ایک پودا لازمی لگائے: شیخ فرحان عزیز
شجر کاری مہم میں تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ عام نوجوان بھی حصہ لے رہے ہیں: مرکزی صدر MSM
لاہور(23ستمبر2024) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے تحت لاہور سمیت ملک بھر میں شجر کاری مہم زور و شور سے جاری ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں آب و ہوا کے موافق پودے ملک کے ہر شہر میں لگائے جا رہے ہیں۔
لاہور میں شجر کاری مہم کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں پودا لگانے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ شیخ فرحان عزیز نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی ''Green Pakistan Movement'' کے ٹائٹل کے ساتھ ملک بھر میں شجر کاری مہم جاری ہے۔
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ایسے پودوں کا انتخاب کرتی ہے جو انسانوں یا جانوروں کیلئے نقصان دہ نہ ہوں اور آلودگی کے خاتمے میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک گیر شجر کاری مہم میں ہمارے ساتھ پاکستان بھر کے تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ عام نوجوان بھی بطور رضا کار خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پودے لگانے کے بعد ان کی حفاظت و نگہداشت کیلئے متعلقہ اداروں سے بھی تعاون حاصل کر رہے ہیں جو لگائے گئے پودوں کی مکمل نگہداشت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کو سرسبز بنانے کیلئے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے پودے لگانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ نوجوانوں کو اس مقصد کے تحت صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ شیخ فرحان عزیز نے اپیل کی کہ ہر فرد اپنے گھر کے اندر یا گھر کے باہر کم از کم ایک پودا لازمی لگائے جبکہ درختوں کی کٹائی کے عمل کی بھی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جائے۔ اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا ہر کارکن پودے لگائے گا اور ایک سال کے عرصہ تک اس کی حفاظت بھی کرے گا۔
اس موقع پر مرکزی جنرل سیکرٹری MSM پاکستان میاں انصر محمود، ڈپٹی جنرل سیکرٹری MSM پاکستان محسن اقبال، صدر MSM لاہور راؤ تاثیر بھی موجود تھے۔
تبصرہ