مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ طلبہ میں حسینی کردار زندہ کرنے کی تحریک ہے

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد
انجینئر محمد رفیق نجم،عرفان یوسف،فرحان عزیز، علامہ غلام مرتضیٰ علوی کا طلبہ سے خطاب

Three days organization camp under MSM Pakistan

لاہور (25جولائی2023) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام حق کے ترجمان تھے جبکہ یزید ظلم اور دہشتگردی کا نمائندہ تھا۔ محرم الحرام کا پیغام حق گوئی اور جذبہ ایثار ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ محرم الحرام کے حقیقی پیغام اور مقصد کو اجاگر کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام مری بھوربن میں تین روزہ تربیتی ورکشاپ میں شریک طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تین روزہ تربیتی ورکشاپ سے نائب ناظم اعلیٰ چوہدری عرفان یوسف، ڈائریکٹر نظامت تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی، صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ شیخ فر حان عزیز سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ تربیتی ورکشاپ میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ پنجاب اور سندھ کے عہدیداران سمیت طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری عرفان یوسف نے کہا کہ انتہاپسندی اور عدم برداشت کے رویوں کے خاتمے کیلئے سب سے بہترین اور بنیادی چیز حقوق و فرائض سے آگاہی ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ طلبہ میں حسینی کردار زندہ کرنے کی تحریک ہے۔ ناظم تربیت تحریک منہاج القرآن علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے کہا کہ طلبہ اپنے ہر لمحے کو با مقصد بناتے ہوئے حصول علم اور مطالعے میں گزاریں۔ مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ شیخ فرحان عزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی ملک و قوم کی ترقی کا سفر حصول علم اور فروغ علم کے بغیر جاری نہیں رہ سکتا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ملک بھر میں 25 ہزار مراکز علم کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ ان مراکز علم کے قیام کا مقصد مختلف شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں کی اخلاقی و روحانی تربیت اور کردار سازی کیلئے عملی اقدامات کرنا ہے۔شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا سب سے زیادہ فوکس فروغ تعلیم و تربیت پر ہے۔

تین روزہ تربیتی ورکشاپ سے مرکزی جنرل سیکرٹری MSM میاں عنصر محمود، شاہد مصطفی، سید بلال حسن، محسن اقبال، علی قریشی، ذیشان یوسف، راشد مصطفوی، فراز ہاشمی، حیدر مصطفی سمیت دیگر طلبہ رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ