تعلیم دشمن ماحول کو بدلنے کیلئے طلبہ یونینز کی بحالی ضروری ہے۔ فرحان عزیز

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام لاہور،فیصل آباد اور وہاڑی میں طلبہ ریلیاں

MSM Student rights rally

لاہور (10 فروری 2023) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر شیخ فرحان عزیز نے لاہور میں نکالی گئی حقوق طلبہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ پاکستان کا مستقبل ہیں، طلبہ کے حقوق کیلئے سوسائٹی کے ہر طبقہ کو آواز اٹھانی چاہئے، 39 سال سے طلبہ یونینز پر پابندی ہے جس کی وجہ سے قومی سطح پر سیاسی لیڈر شپ پیدا نہیں ہو سکی۔ طلبہ کو تعلیم و تربیت کے ساتھ سیاسی، سماجی، شعوری آبیاری کی ضرورت ہے اس کیلئے ضروری ہے کہ طلبہ یونینز پر پابندی ختم کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ قومی و بین الاقوامی اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ تعلیم کا شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے، معیار تعلیم گر رہا ہے، حکومتیں جب چاہتی ہیں تعلیم کا بجٹ کم کر دیتی ہیں تعلیم دشمن ماحول کو بدلنے کیلئے طلبہ یونینز کی بحالی ضروری ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام نکالی گئی حقوق طلبہ ریلیز میں مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے سینکڑوں طلبہ نے شرکت کی۔

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ فیصل آباد اور وہاڑی میں نکالی گئی ریلیوں سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے شیخ فرحان عزیز نے مزید کہا کہ کبھی کوئی ایسا اقدام قبول نہیں کریں گے جس سے طلبہ کے حقوق متاثر ہوں۔ وہی ملک ترقی کرتے ہیں جہاں تعلیم ترقی کرتی ہے، طلبہ ملک کا روش مستقبل ہیں، اچھی تعلیم اور حقوق کی بات کرنا طلبہ کا بنیادی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں ایک یونیورسٹی کے قیام کویقینی بنایا جائے، تعلیم کے فروغ کیلئے سالانہ ملکی بجٹ کا 5 فی صد مختص کیا جائے، تعلیمی اداروں میں ایسا نظام وضع ہونا چاہئے جس میں علم و ادب کو فروغ ملے۔ ریلیوں میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے رہنماؤں میاں عنصر محمود، علی قریشی، محسن اقبال، حماد مصطفی و دیگر نے شرکت کی۔

تبصرہ