قومی طلبہ کنونشن میں شیخ فرحان عزیز مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نئے صدر مقرر
کنونشن سے خرم نواز گنڈاپور، عرفان یوسف، رانا وحید، سدرہ کرامت و دیگر کا خطاب
لاہور (30 جنوری 2023) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے قومی طلبہ کنونشن میں ملک بھر سے آئے ہوئے ضلعی صدور نے تعلیمی اداروں کو انتہا پسندی و منشیات سے پاک کرنے کے عزم کااظہار کیا اور ایم ایس ایم کے ہزاروں طلباء نے کھڑے ہو کر عہد کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کو مصطفوی تعلیمات کے مطابق باوقار بنانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے اور طلبہ حقوق کے لئے کام کرنے والی پرامن تنظیموں سے مل کر تعلیمی اداروں کو علم و امن کا گہوارہ بنائیں گے۔
قومی طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ طلباء ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ طلبہ مستقبل کی قیادت اور امید کی کرن ہیں۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی قومی سلامتی کے لئے زہر قاتل ہے۔ انہوں نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے طلباء کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ایم ایس ایم کے طلبہ نے نازک ترین حالات میں بھی قلم کی حرمت کی پاسداری کی اور فروغ علم کے لئے بیداری شعور مہم چلائی۔ انہوں نے ایم ایس ایم کے صدر چودھری عرفان یوسف کو طلباء حقوق کے لئے شاندار اور جاندار جدوجہد کرنے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر انہوں نے شیخ فرحان عزیز کو مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا نیا صدر مقرر کرنے کا اعلان کیا۔
کنونشن سے چودھری عرفان یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام کی تربیت اور ویژن کے مطابق مسلسل 9 سال ایم ایس ایم کے پلیٹ فارم سے فروغ علم و امن کے لئے کام کیا۔ دین اور انسانیت کی خدمت کی سوچ کے ساتھ طلبہ حقوق کے لئے جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے حکم دیا تھا کہ قلم اور کتاب کو تھام کررکھنا ہے۔ الحمداللہ میں نے ایم ایس ایم کی 9 سال قیادت کی اور قلم اور کتاب کو ہاتھ سے گرنے نہیں دیا۔
قومی طلباء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ایم ایس ایم 28 سال سے طلبہ حقوق کے لئے کام کررہی ہے مگر آج کے دن تک مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوانوں نے کبھی قانون ہاتھ میں لیا اور نہ ان کی وجہ سے کسی تعلیمی ادارے میں کوئی تعلیمی خلل آیا۔ علم اور امن سے محبت کرنے والے طلباء ہی پاکستان کا مستقبل ہیں۔ قومی طلبہ کنونشن سے نائب ناظم اعلیٰ سندھ مظہر محمود علوی، مرکزی نائب صدر منہاج القرآن ویمن لیگ سدرہ کرامت، رانا وحید شہزاد مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم کے ضلعی صدور محسن اقبال، شاہد مصطفی، عزیر عالم، راشد مصطفوی، توقیر یش، ڈاکٹر سید مصباح النور، چودھری معیز قادری، میاں انصر محمود، علی قریشی، سید بلال حسن، جواد انصاری نے خطاب کیا۔
قومی طلبہ کنونشن میں راجہ زاہد محمود، انجینئر محمد رفیق نجم، نور اللہ صدیقی، محمد عارف چودھری، میر آصف اکبر قادری، رانا نفیس حسین قادری، قاضی فیض الاسلام، جاوید القادری، ملک سعید عالم، ڈاکٹر ایوب بیگ، رانا تجمل حسین، ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ، رضوان بشیر، ڈاکٹر عمران یونس اور دیگر مرکزی قائدین نے خصوصی شرکت کی۔
تبصرہ