لاہور میں لگائے گئے کیمپ میں طلبہ کی کثیر تعداد میں شرکت، نئی ممبر سازی کا حصہ بنے
تعلیم ایسا زیور ہے جس کے بغیر انسان سماجی و اقتصادی ترقی نہیں کرسکتا: عرفان یوسف
ممبر شپ کیمپ میں محسن اقبال، حماد مصطفی، حسین نواز، اعتزاز جٹ و دیگر طلباء رہنماؤں کی شرکت
لاہور (26 اکتوبر 2022) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے ملک گیر طلبہ رابطہ مہم کے سلسلے میں لاہور سمیت ملک کے تمام تعلیمی اداروں میں ممبر سازی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام گورنمنٹ کالج ماڈل ٹاؤن لاہورکے باہر ممبرشپ کیمپ لگایا گیا۔ ممبر سازی کیمپ میں طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور نئی ممبر سازی کا حصہ بنے۔
ممبر شپ کیمپ میں مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چوہدری عرفان یوسف، محسن اقبال صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور، حماد مصطفیٰ کوآرڈینیٹر سوشل میڈیا، حسین نواز ناظم اطلاعات مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور اور اعتزاز جٹ ناظم مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ گورنمنٹ کالج ماڈل ٹاؤن لاہور سمیت دیگر طلباء رہنماؤں نے خصوصی شرکت کی۔
چوہدری عرفان یوسف نے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی میں طلباء بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ طلباء کی فلاح و بہبود، محفوظ اور روشن مستقبل کے لئے سرگرم عمل ہے۔ طلباء کتاب سے دوستی کریں۔ انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے پلیٹ فارم سے جلد پورے ملک میں ایسی تربیتی ورکشاپ منعقد کروائیں گے جو نوجوانوں کو بہترین شہری بنانے میں بنیادی کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ایک ایسا زیور ہے جس کے بغیر انسان سماجی و اقتصادی ترقی نہیں کرسکتا۔ طلباء کسی بھی ملک و قوم کے لئے ترقی کی منزل کے حصول میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔
تبصرہ