مرکزی تقریب ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہو گی، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری خصوصی خطاب کریں گے
تنظیمات، یونیورسٹیز، کالجز، مرکزی، صوبائی، ضلعی و تحصیلی سطح پر تقریبات منعقد کریں گی
ایم ایس ایم محض طلبہ تنظیم نہیں طلبہ کی کردار سازی کا مستقل ادارہ ہے: عرفان یوسف
لاہور (29 ستمبر 2020ء) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا 26واں یوم تاسیس 6 اکتوبر (منگل) کو پورے ملک میں جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ پورے ملک میں تنظیمات، یونیورسٹیز، کالجز، مرکزی، صوبائی، ضلعی و تحصیلی سطح پر تقریبات منعقد کریں گی۔ مرکزی تقریب مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہو گی۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری خصوصی خطاب کریں گے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ پچھلے 26 سال سے طلباء کے حقوق اور فروغ تعلیم کے لیے سرگرم عمل ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ہر سال 6 اکتوبر کو یوم تاسیس بھرپور جوش جذبے کے ساتھ مناتی ہے۔
26ویں یوم تاسیس کی تقریبات کے حوالے سے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی عہدیدران کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف، سیکرٹری جنرل فرحان عزیز، مرکزی سیکرٹری انفارمیشن مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ عثمان چوہدری اور ضلعی صدر میر احسن منیر و دیگر طلبہ رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام پاکستان بھر کے تعلیمی اداروں میں یوم تاسیس کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ لاہور میں منعقد ہونیوالی مرکزی تقریب میں مختلف طلبہ تنظیموں کے قائدین، مذہبی، سیاسی، سماجی رہنما اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے علاوہ لاہور زون کے طلبہ بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عرفان یوسف نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ محض ایک طلبہ تنظیم ہی نہیں بلکہ بہت بڑی نظریاتی قوت اور طلبہ کی کردار سازی کا ایک مضبوط، مستحکم اور مستقل ادارہ بھی ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے اپنے قیام سے لے کر اب تک تعلیمی اداروں میں طلبہ کے حقوق، فروغ تعلیم اور قیام امن کے لئے جدوجہد کی ہے۔
تبصرہ