مہنگائی اور بے روزگاری کا براہ راست اثر نئی نسل پر مہنگی تعلیم کی صورت میں ہو رہا ہے: عرفان یوسف
تعلیم ہی ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے: صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ
تعلیمی بجٹ میں کمی اور فیسوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں : موسیٰ کھوکھر
لاہور(15 جولائی 2020) پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن پنجاب کے صدر موسیٰ کھوکھر نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں طلباء حقوق، طلباء یونین کی بحالی، جامعات کی فیسوں سمیت طلباء کو درپیش مسائل اور انکے حل کے حوالے سے رہنماؤں میں تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل MSM فرحان عزیز، ضلج انقلابی، میر احسن اور پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی نائب صدر عامر شہزاد بھی موجود تھے۔
چوہدری عرفان یوسف نے طلباء رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کا براہ راست اثر نئی نسل پر مہنگی تعلیم کی صورت میں ہو رہا ہے۔ غریب طلباء کیلئے اعلیٰ تعلیم کے دروازے سرکاری اور غیر سرکاری یونیورسٹیز میں زیادہ فیسوں اور مہنگی رہائش کی وجہ سے بند ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز فیسوں کو کم کریں، تعلیم کے کلچر کو فروغ دے کر سستا اور عام کریںتاکہ غریب اور محنتی طلباء اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ عرفان یوسف نے کہا کہ طبقاتی نظام تعلیم نے قوم میں اتحاد و یگانگت کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے ہمیشہ تعلیم کے فروغ اور طلباء کے حقوق، یکساں نصاب تعلیم کیلئے آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے طلباء رہنماؤں کو بتایا کہ تعلیم ہی ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ تعلیمی ادارے یقیناً امن اور ترقی کی علامت ہیں مگر نئی نسل کے پاس کوئی با مقصد لائحہ عمل نہ ہونے کی وجہ سے براہ راست ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر موسیٰ کھوکھر نے کہاکہ طلباء یونین کی بحالی کی حمایت کرتے ہیں اور اس حوالے سے ہمیشہ عملی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء یونین کی بحالی سے با صلاحیت طلباء کو قومی دھارے میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کتاب اور تعلیم سے دوستی رکھیں، تشدد اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں الجھ کر اپنا تعلیمی کیرئیر خراب نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال ایجوکیشن کے بجٹ میں مسلسل کمی اور جامعات کی فیسوں میں اضافے کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ طلباء رہنماؤں نے منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں قائم مختلف شعبہ جات کا وزٹ بھی کیا اور قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی فروغ علم کیلئے خدمات کو سراہا۔
تبصرہ