اقوام و افراد کی ترقی کا انحصار علم و تعلیم پر ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین
طلبہ مسلسل بہتری کے فلسفے کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں: سلطان خان
لوگوں کو برائی سے روکیں اور نیکی کی طرف بلائیں: ڈاکٹر غلام مرتضی علوی
مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ عرفان یوسف نے استقبالیہ کلمات میں مہمانوں کو خوش
آمدید کہا
لاہور (15فروری 2020ء) مصطفوی سوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام تین روزہ تقریبات کا آغاز ہو گیا، تقریبات میں ملک بھر سے مختلف یونیورسٹیز اور کالجز کے طلباء شریک ہیں، تین روزہ تقریبات میں اساتذہ، طلباء رہنماؤں کے ساتھ ساتھ اہم علمی، سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات بھی شرکت کررہی ہیں۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری تھے۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے طلباء کو اساتذہ کے احترام اور طلباء کی ذمہ داریوں کے موضوع پر لیکچر دیا، معروف موٹیویشنل سپیکر سلطان خان نے طلباء کو ”زندگی کی کامیابی“ کے موضوع پر لیکچر دیا، تحریک منہاج القرآن کے ڈائریکٹر ٹریننگ غلام مرتضیٰ علوی نے امر بالمعروف و نہی المنکر اور طلباء کی ذمہ داریوں کے موضوع پر لیکچر دیا، مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چودھری عرفان یوسف نے ابتدائی کلمات میں مہمانان گرامی اور طلباء کو خوش آمدید کہا۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقوام و افراد کی ترقی کا انحصار علم و تعلیم پر ہے، نظام تعلیم کی ترقی کیلئے ہمیشہ کوشش کرتے رہنا چاہیے، ماضی میں ہماری درسگاہوں اور اساتذہ کو ایک خاص مقام حاصل تھا اور پوری دنیا ان سے استفادہ کرتی تھی، استاد کا کردار ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے، ایک ایسے ماڈل کی حیثیت جو معاشرے کی برائیوں کو دورکر کے لوگوں کو خوش اخلاقی، محبت اور امن کی باتوں سے روشناس کرواتا ہے، استاد معاشرے میں موجود برائیوں کی نشاندہی کر کے ان کو ختم کرنے کی ترغیب دیتا ہے، استاد کی وجہ سے ہی طالبعلم، علم کی روشنی سے منور ہوتا ہے۔
آئندہ نسلوں کو سنورانا اور ان کو ملک و قوم کی خدمت کے قابل بنانا اساتذہ کے سپرد ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ طلباء کی کردار سازی کیلئے عملی جدوجہد کررہی ہے۔ معروف ٹرینر سلطان خان نے زندگی کی کامیابی کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ اپنے لیے ایک رول ماڈل تلاش کریں، ایسا کامیاب فرد تلاش کریں جو وہی کامیابی سے کررہا ہو جو آپ کرنا چاہتے ہیں، پھر اس کی پیروی کریں جیسے اس نے کیا آپ بھی ویسا ہی کریں، اپنے رول ماڈل سے منصوبہ بندی، مسائل اور ناکامی سے نمٹنے کے طریقے سیکھیں۔
قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فروغ علم، امن عالم کیلئے خدمات قابل تقلید ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شخصیت کو اپنے لیے رول ماڈل بنا لیں۔ طلبہ مسلسل بہتری کے فلسفے کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں۔
ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ لوگوں کو برائی سے روکیں اور نیکی کی طرف بلائیں، کسی کو اچھی بات کی طرف راغب کرنا امر بالمعروف ہے اور برائیوں سے روکنا نہی عن المنکر ہے۔ تقریب سے ضلج انقلابی، میاں انصر، اخلاق حسین، فراز ہاشمی، عمران علی قریشی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
دریں اثناء 3 روزہ تقریبات کے دوسرے روز ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور طلباء کو لیکچر دیں گے۔ محفل مشاعرہ کا اہتمام کیا جائیگا اور محفل سماع بھی منعقد کی جائیگی۔ محفل مشاعرہ میں ملک کے نامور شعراء کرام شرکت کریں گے۔
تبصرہ