مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سٹوڈنٹ لیڈرز سمٹ کے عنوان سے تین روزہ تقریبات منعقد کرے گی

ملک کی اہم یونیورسٹیز اور کالجز کے سینکڑوں طلباء کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے
تقریبات میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری خصوصی شرکت کرینگے
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے پروگرامز کا مقصد طلباء میں قائدانہ صلاحیتوں کو ابھارنا ہے: عرفان یوسف

لاہور (11 فروری 2020ء) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف نے کہا ہے کہ 14، 15، 16 فروری کو سٹوڈنٹ لیڈرز سمٹ کے عنوان سے ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ لیڈر شپ ڈویلپمنٹ پروگرامز میں ملک کی اہم یونیورسٹیز اور کالجز کے سینکڑوں طلباء کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ایک اچھا لیڈر اپنی ٹیم کے روبرو واضح مشن پیش کرتا ہے، فعال لیڈر شپ اسی صورت میں پیدا ہوتی ہے جب لیڈر اپنی ٹیم کی خوبیوں اور حدود و قیود سے اچھی طرح روشناس ہو اور عصری فکر اور چیلنجز سے بھی بخوبی آگاہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تین روزہ سٹوڈنٹ لیڈرز سمٹ کے کی انتظامی کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل ضیاء الرحمن ضلج، اخلاق حسین، فرحان عزیز، میاں انصر، میر احسن منیر و دیگر طلباء رہنما بھی موجود تھے۔ انہوں نے لیڈر شپ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تسلسل اور اس میں بہتری پر زور دیا تاکہ وسائل کے بہتر استعمال کو یقینی بناتے ہوئے عصر حاضر کے چیلنجوں سے مو ثر انداز سے نمٹا جا سکے۔ تین روزہ سٹوڈنٹ لیڈرز سمٹ میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری خصوصی شرکت کرینگے۔ ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور، معروف موٹیویشنل سپیکر قاسم علی شاہ، سلطان خان کے خصوصی لیکچرز ہوں گے۔ ان تقریبات میں محفل سماع اور محفل مشاعرہ کا بھی خصوصی اہتمام کیا جائیگا۔ جن میں ملک کے نامور قوال حیدریم اور معروف شعراء کرام عباس تابش، وصی شاہ، رحمن فارس، احمد فرہاد، شہزاد قیس و دیگر شرکت کریں گے عرفان یوسف نے کہا کہ طلباء کی زندگیوں میں علم و کردار کی بہت اہمیت ہے، اس لیے ہمیں اس کو بہتر بنانے پر محنت کرنا ہو گی، نوجوان اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے ہمیشہ اس بات کا خیال رکھیں کہ یہ ملک بہت قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے، اس کا استحکام اور حفاظت ہم پر فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے پروگرامز کا مقصد طلباء میں قائدانہ صلاحیتوں کو ابھارنا، کامیاب زندگی میں تصوف کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور تنظیمی زندگی کے اصولوں پر روشنی ڈالنا ہے۔

تبصرہ