ایم ایس ایم کے زیر اہتمام ”تعمیر شخصیت کیمپ“کا انعقاد

تقریب میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور ڈویژن کے عہدیداران نے شرکت کی
اگر بچوں کی تربیت اچھی ہو گی تو معاشرہ امن و سکون کا گہوارہ بن جائیگا: علامہ منہاج الدین
کمیونیکیشن سکلز کے ذریعے ہی طلبہ کی کیریئر کونسلنگ میں مدد مل سکتی ہے: اخلاق حسین
سید فراز ہاشمی، حیدر مصطفی، انجینئر وقار، محمد ارسلان اور حسین نواز سمیت طلبہ رہنماؤں کی بڑی تعداد موجود تھی

لاہور (یکم جنوری 2020ء) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور کے زیراہتمام فرید ملت ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں ”تعمیر شخصیت کیمپ“کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور ڈویژن کے عہدیداران نے شرکت کی۔ ایم ایس ایم کشمیراورو ناردرن زون کے صدر میر احسن منیر، علامہ منہاج الدین ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریننگ تحریک منہاج القرآن، مصطفوی سٹودنٹس موومنٹ لاہور کے صدر اخلاق حسین نے طلبہ کو موضوع کی مناسبت سے لیکچرز دئیے۔ اس موقع پر سید فراز ہاشمی، حیدر مصطفی، انجینئر وقار، محمد ارسلان اور حسین نواز سمیت طلبہ رہنماؤں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ منہاج الدین نے کہا کہ اگر ہم حقیقت میں زوال کو کمال میں بدلنا چاہتے ہیں تو افراد کی شخصیت سازی بالخصوص بچوں کی اخلاقی، روحانی و سماجی تربیت پر توجہ دینا ہو گی، اگر بچوں کی تربیت اچھی ہو گی تو معاشرہ امن و سکون کا گہوارہ بن جائیگا۔ معاشرے کی تعمیر کا انحصار افراد کی تعمیر پر ہوتا ہے، افراد کی تعمیر میں خاندان، مدارس، یونیورسٹیز اور معاشرے کا کلیدی کردار ہوتا ہے، مستقبل کی تعمیر نسل نو کی تعمیر سے ہی ممکن ہے۔

صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور اخلاق حسین نے طلبہ کو کمیونیکیشن سکلز کے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ کمیونیکیشن سکلز کے ذریعے ہی طلبہ کی کیریئر کونسلنگ میں مدد مل سکتی ہے، تعلیمی اداروں کو چاہے کہ وہ طلبہ میں کمیونیکیشن سکلز بڑھانے کیلئے تقریری مقابلے، کوئز کمپیٹیشن کا انعقادکریں، کمیونیکیشنز سکلز کے ذریعے طلبہ آپس میں بحث مباحثے کر سکتے ہیں، اس طرح ان کے علم اور اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔

تبصرہ