مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ 5 مئی کو ’’ایجوکیشن بجٹ سیمینار‘‘ منعقد کرے گی

تعلیمی بجٹ جی ڈی پی کا 5 فی صد کیا جائے تعلیم سب کے لئے مہم شروع کر دی: عرفان یوسف
صوبائی حکومتیں 5 سے 16 سال کی عمر کے بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم کا حق دیں : مرکزی صدر ایم ایس ایم

لاہور(27 اپریل 2019) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف نے کہا ہے کہ تعلیمی بجٹ میں اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے۔ تعلیمی بجٹ جی ڈی پی کا 5 فی صد کیا جائے۔ حکمران تعلیم کے شعبے کو پہلی ترجیح میں شامل کریں اور نوجوانوں کے مسائل حل کرنے پر توجہ دیں۔ حکومت پاکستان اگر ملک کو حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتی ہے تو تعلیمی بجٹ میں اضافہ کرنا ہو گا تا کہ ملک کے کونے کونے میں موجود بچے سکولوں میں تعلیم حاصل کر سکیں۔

پاکستان میں تعلیمی بجٹ بہت کم ہے جو کہ ملک کے نوجوانوں کی ضرورت کو پورا نہیں کر سکتا۔ طلباء ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں جنکی ضروریات کا خیال کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ عرفان یوسف نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام ملک بھر میں ’’تعلیم سب کےلئے‘‘ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ذلج انقلابی، احسان اللہ سنبل، فراز ہاشمی، صف عزیز، اقبال ساقی، یونس نوشاہی، حسنین اخلاق و دیگر طلباء رہنما موجود تھے۔

عرفان یوسف نے کہا کہ 5 مئی (اتوار) کو مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام طلباء ’’ایجوکیشن بجٹ سیمینار‘‘ منعقد کیا جائیگا جس میں ماہرین تعلیم، ماہرین معاشیات، صوبائی وزراء اہم تجاویز دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے ملک بھر میں ’’تعلیم سب کےلئے‘‘ مہم شروع کر دی ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی جدوجہد یکساں نظام تعلیم کےلئے ہے۔

عرفان یوسف نے مطالبہ کیا کہ آئین کے آرٹیکل 25 اور 65 کے تحت مرکز سمیت چاروں صوبائی حکومتیں 5 سے 16 سال کی عمر کے بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم کا حق دیں اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار دیا جائے۔

تحریک منہاج القرآن اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ علم و امن کی تحریک ہے۔ قوم کے بچوں کے مستقبل کو تعلیم فروش مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ معیاری تعلیم کی فراہمی حکمرانوں کی آئینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری فروغ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کی فکری، نظریاتی اور اخلاقی تربیت بھی کر رہے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن نے 7 سو سکولز، درجنوں کالجز اور عالمی معیار کی یونیورسٹی دے کر تعلیم عام کرنے کےلئے جہاد کیا۔ عرفان یوسف نے کہاکہ طلباء اپنی تمام تر توانائیاں علم حاصل کرنے پر صرف کریں۔ محنت و ڈسپلن کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔

تبصرہ