بامقصد علم ہی انسان کو بامقصد منزل تک پہنچاتا ہے: عرفان یوسف

تعلیم کے ساتھ تربیت ہو تو معرفت الٰہی نصیب ہوتی ہے، مزکری صدر ایم ایس ایم
ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد ہے کہ پہلی جماعت سے اعلیٰ تعلیم تک معیار تعلیم بہتر ہو سکے، اجلاس سے خطاب

President MSM Irfan Yousaf statementلاہور (9 فروری2019 ء ) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف نے کہا ہے کہ تعلیم قوموں کو عروج کی طرف لے جاتی ہے مگر اس کیلئے کردار سازی ضروری ہے جو تربیت کے بغیر ممکن نہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے تمام تعلیمی اداروں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی پر بھی توجہ دی جاتی ہے۔ با مقصد علم ہی انسان کو با مقصد منزل تک پہنچاتا ہے۔ ڈگریوں کا حصول صرف مال کمانے کیلئے ہو تو معاشرے تباہ ہو جاتے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے تحت چلنے والے 700سے زائد سکولز، کالجزاور عالمی معیار کی منہاج یونیورسٹی علمی، فکری، روحانی اور فلاحی پروجیکٹس کی بنیاد میں خلق خدا کی خدمت کا جذبہ سرفہرست ہے، وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر ضیاء الرحمن، احسن ایاز کیتھران، میاں عنصر، یونس نوشاہی، میر احسن، فراز ہاشمی، احسان سنبل، اخلاق حسین، فرحان عزیز، اسد اللہ سنجرانی، علی قریشی، عمران یوسف و دیگربھی موجود تھے۔

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عرفان یوسف نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں تعلیم اور نظام تعلیم کااہم کردار ہوتا ہے، نظام تعلیم میں اہم کردار نصاب ادا کرتاہے، تحریک منہاج القرآن چار دہائیوں سے ملک کے کونے کونے میں فروغ تعلیم کیلئے کوشاں ہے، انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کرنے والے، ملک و قوم کا پیسہ لوٹنے والے نام نہاد سابق حکمران بھی خود کو تعلیم یافتہ کہتے ہیں مگر تعلیم کی حقیقی روح سے نابلد ہیں، تعلیم و تربیت کے ذریعے کردار میں جو مثبت تبدیلی پیدا ہوتی ہے ہمارا اکثر پڑھا لکھا طبقہ اس سے محروم ہے۔ تعلیم کے ساتھ تربیت ہو تومعرفت الہیٰ نصیب ہوتی ہے اور ایسی تعلیم معاشرے کی ترقی و بقا کیلئے اہم کردار ادا کرتی ہے، ورنہ یہ معاشرہ انسانوں کی بجائے درندوں کا معاشرہ لگتا ہے۔ تحریک منہاج القرآن نوجوانوں کو نہ صرف تعلیم یافتہ بناتی ہے بلکہ تربیت کے زیور سے آراستہ کر کے معاشرے کی ترقی کیلئے افرادی قوت مہیا کرتی ہے۔ قائد منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی جدوجہد ہے کہ پہلی جماعت سے اعلیٰ تعلیم تک تعلیمی معیار بہتر ہو سکے۔ غریب اور امیر کے بچے یکساں تعلیمی نظام میں پڑھ سکیں، انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تعلیمی اداروں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کی تربیت اور ذہنی استعداد میں اضافے کے لیے مختلف پروگرام بھی ترتیب دے رہی ہے، انہوں نے کہا کہ طلباء کو تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی توجہ دینا چاہیے تاکہ وہ اچھے انسان بن سکیں اور علم و ادب کے تقاضوں سے اچھی طرح واقف ہو سکیں۔

تبصرہ