مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ آج سے ’’گرین پاکستان‘‘ شجرکاری مہم شروع کریگی

مہم 7 اگست سے 14 اگست تک جاری رہے گی، ملک بھر میں 10 لاکھ درخت لگائے جائیں گے
درخت کاٹنے کے عمل کو دہشتگردی قرار دے کر سخت سزا مقرر کی جائے، اجلاس میں مطالبہ
ہر پاکستانی آزادی کے اس مہینے میں ایک پودا ضرور لگائے، مرکزی صدر عرفان یوسف
سکول، کالجز، یونیورسٹیز کے طلباء و طالبات اور اساتذہ کو بھی گرین پاکستان مہم کا حصہ بنایا جائیگا

لاہور (6 اگست 2018ء) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی سنٹرل موومنٹ ایگزیکٹو کا اجلا س چوہدری عرفان یوسف مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی صدارت میں مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ گرین پاکستان موومنٹ کے نام سے شجر کاری مہم کا آغاز کرے گی۔ 7 اگست سے 14 اگست تک ملک بھر میں دس لاکھ درخت لگائیں گے جس کے لیے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ایک لاکھ رضا کار تیار کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں رانا تجمل حسین سیکرٹری جنرل ایم ایس ایم، چوہدری ضلج انقلابی، احسان سنبل، احسن ایاز، محب مجید، فراز ہاشمی، عثمان فیاض، میاں انصر محمود، قاضی احسن، یونس نوشاہی، محمد عمران، میر احسن اور دیگر سنٹرل موومنٹ ایگزیکٹو کے ممبران شریک تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عرفان یوسف نے کہا کہ سکول، کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء و طالبات اور اساتذہ کو بھی اس اہم مہم کا حصہ بنایا جائیگا، لاہور سمیت پورے ملک میں شجر کاری کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کی جائیگی جس میں اپیل کی جائیگی کہ ہر پاکستانی آزادی کے اس مہینے میں کم از کم ایک پودا ضرور لگائے تاکہ ملک کو سرسبزو شاداب بنایا جا سکے، انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے لاہور سمیت پورے ملک میں آج سے شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، گرین پاکستان کے عنوان سے سیمینارز، کانفرنسز، واک اور تشہیر کے ذریعے آگاہی مہم پورے ملک میں شروع کی جائے گی۔ عوام الناس کو آگاہی مہم کے ذریعے بتایا جائے گا کہ درخت لگانا کتنا اہم ہے، عوام کو آگاہ کیا جائے گا کہ درخت لگانا جس قدر اہم ہے اس سے کہیں زیادہ اہم اس کی حفاظت کرنا ہے، نرم و نازک پودوں کو اپنی جڑوں کی مضبوطی کیلئے وقت درکار ہوتا ہے۔ اگر ہم زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور پھر ان کی دیکھ بھال بھی پوری ذمہ داری سے کریں، کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان میں جنگلات کے رقبے میں اضافے کے ساتھ ساتھ ماحول اور موسم میں بھی بہتری آ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ مطالبہ کرتی ہے کہ بلا ضرورت درخت کاٹنے پر پابندی لگائی جائے اور اس عمل کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے سخت سزا مقرر کی جائے۔ ایم ایس ایم گرین پاکستان مہم میں نئے درخت لگانے کے ساتھ ساتھ قوم سے موجودہ درختوں کی کٹائی سے بھی مکمل گریز کرنے کی اپیل کرے گی، انہوں نے مزید کہا کہ صحت مند درخت پر کلہاڑی چلانا خود اپنے ہی پاؤں پر کلہاڑی چلانے کے مترادف ہے، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے نام نہاد ترقیاتی منصوبوں کے نام پر ملک بھر اور خصوصاً پنجاب میں لاکھوں کی تعداد میں درخت کاٹے گئے ہیں، مصطفوی سٹوڈنٹس کی گرین پاکستان مہم 14 اگست تک جاری رہے گی اور اس نعرے کے ساتھ درخت لگائیں گے کہ اس بار 14 اگست کو جتنی جھنڈیاں اتنے درخت لگائے جائیں۔

تبصرہ