تشدد کو ہوا دینے والے طلباء و نان طلباء عناصر کسی رعائت کے مستحق نہیں: صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ
لاہور (22 جنوری 2018) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے صدر چوہدری عرفان یوسف نے کہا کہ پولیس اور طلبہ کے درمیان تصادم نظام تعلیم اور انتظامی ڈھانچے پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ پنجاب یونیورسٹی میں آئے روز تعلیمی ماحول خراب کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔ پنجاب یونیورسٹی دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان ہے، اس پہچان کو داغ دار کرنے کی مذموم کوششوں کا سخت نوٹس لیا جائے۔ پنجاب یونیورسٹی کو اسلحہ اور بد معاشی کلچر سے نجات دلائی جائے۔ پنجاب یونیورسٹی میں ہزاوں طلباء پڑھنے آتے ہیں، مٹھی بھر لوگ آئے روز تعلیمی ماحول خراب کرتے ہیں۔
طلباء تنظیموں کا کام طلباء کی تربیت کر کے ذمہ دار پاکستانی شہری بنانا ہے تا کہ وہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ غنڈہ گردی اور بد معاشی کے کلچر کو فروغ دینے والے نان طلباء عناصر اور انکے پشت پناہوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پنجاب یونیورسٹی کے طلباء وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی ادارے پیار، محبت اور بین الصوبائی و بین المذاہب ہم آہنگی کے مراکز ہونے چاہئیں نہ کہ تقسیم اور انتشار کے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تشدد اور انتشار پسند عناصر کی سرپرستی کرنیوالے اساتذہ اور سٹاف ممبرز کی بھی تطہیر ہونی چاہیے۔
تبصرہ