مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا 23 واں یوم تاسیس 6 اکتوبر(جمعۃ المبارک) کو ہو گا

مرکزی تقریب سے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خطاب کرینگے
پورے ملک میں’’ ہم ہی ہیں نوید صبح انقلاب‘‘ کے عنوان سے تقاریب ہونگی: عرفان یوسف
طلبہ ملکی حالات پر گہری نظر رکھتے ہیں : صدر ایم ایس ایم کا اجلاس سے خطاب

لاہور (02 اکتوبر 2017) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا 23 واں یوم تاسیس 6 اکتوبر (جمعۃ المبارک) کو ہوگا۔ پورے ملک میں’’ ہم ہی ہیں نوید صبح انقلاب‘‘ کے عنوان سے تقاریب منعقد ہونگی۔ یوم تاسیس کی مرکزی تقریب 6 اکتوبر جمعۃ المبارک کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہو گی۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی شرکت و خطاب کرینگے۔ یوم تاسیس کی تقاریب کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ انتظامات کیلئے لاہور سمیت ملک بھر میں انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ مرکزی تقریب میں مختلف کالجز یونیورسٹیز اور میڈیکل کالجز کے سینکڑوں طلبہ شرکت کریں گے۔ طلبہ تنظیموں کو بھی تقاریب میں شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف نے ماڈل ٹاؤن میں ایم ایس ایم کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پر رانا تجمل حسین، محب مجید، یونس نوشاہی، احسان سنبل، احسن کیتھران، چودہری ذلج و دیگر طلبہ رہنماء بھی موجود تھے۔ عرفان یوسف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی سیکرٹریٹ سمیت ملک بھر میں ہونیوالی تقاریب میں طلبہ کی رجسٹریشن کیلئے استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں۔ ملکی حالات کے پیش نظر ایم ایس ایم کے نوجوان سیکیورٹی کیلئے بھی موجود ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ یوم تاسیس کی تشہیری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، ملک کے تمام بڑے شہروں میں’’ ہم ہی ہیں نوید صبح انقلاب‘‘ کے عنوان سے فلیکس، بینرزلگائے جائیں گے اور روڈ کاررواں بھی چلائے جائینگے۔

انہوں نے کہا کہ 6 اکتوبر کو لاہور میں ہونیوالی مرکزی تقریب میں سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں خطاب کرینگے اور ملک بھر کے طلبہ کو اہم پیغام دیں گے۔ عرفان یوسف نے کہا کہ طلبہ کسی بھی قوم کا مستقبل اور معمار ہوتے ہیں۔ ملکی حالات پر گہری نظر رکھتے ہیں کرپشن، جان توڑ مہنگائی، بے انصافی، بے روزگاری اور فرسودہ نظام تعلیم نے معاشرے کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ ناگزیر ہو گیا ہے کہ مثبت تبدیلی کیلئے طلبہ و طالبات وہی کردار ادا کریں جو انہوں نے تحریک پاکستان کے وقت کیا تھا۔

تبصرہ