ایم ایس ایم لاہور 21 مئی (اتوار) لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی ریلی نکالے گی
لاہور (19 مئی 2017) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ 20 مئی سے 26 مئی تک لاہور سمیت ملک کے 100 شہروں میں تعلیمی بجٹ جی ڈی پی کے 5 فیصد تک لانے کیلئے احتجاجی ریلیاں نکالے گی۔ حقوق طلبہ مارچ کے عنوان سے نکالی جانیوالی احتجاجی ریلیوں میں مختلف جماعتوں کے طلبہ ونگز کے قائدین بھی شرکت کریں گے۔ لاہور میں بہت بڑی ریلی شملہ پہاڑی لاہور پریس کلب سے 21 مئی اتوارکو نکالی جائے گی۔ اسی طرح کی احتجاجی ریلیاں ہر شہر کے پریس کلب کے باہر منعقد ہونگی۔
ایم ایس ایم کے مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ایم ایس ایم کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس کے بعد اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، یو این او کے چارٹر کے مطابق ہر ملک تعلیم پر جی ڈی پی کا کم از کم 4.4 فیصد خرچ کرنے کا پابند ہے لیکن آج بھی پاکستان میں تعلیمی بجٹ 3 فیصد سے آگے نہیں بڑھ سکا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ تعلیم حکومت کی پہلی ترجیح نہیں ہے اور اس کی ساری توجہ موٹرویز اور سڑکوں کے منصوبوں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومیں سڑکوں اور پلوں سے نہیں تعلیم سے بنتی اور آگے بڑھتی ہیں۔ تعلیم کی بہتری کے بغیر ملک و قوم کی ترقی نا ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی عدم توجہی کے باعث تعلیمی اداروں میں انتہا پسندانہ سرگرمیاں فروغ پا رہی ہیں اور تعلیمی معیار مسلسل گر رہا ہے، آئے روز یونیورسٹیز کے اندر تصادم کے واقعات کی وجہ سے تعلیمی نقصان اور ملک کی بدنامی ہورہی ہے، مردان یونیورسٹی کا واقعہ آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم تعلیمی بجٹ میں اضافہ کیلئے سوشل میڈیا پر بھی زور و شور سے مہم چلارہے ہیں، احتجاجی ریلیوں میں دیگر جماعتوں کے طلبہ ونگز کو بھی شرکت کی دعوت دیدی گئی ہے، انہوں نے اینکرز پرسن، کالم نویسوں اور سول سوسائٹی کے نمائندہ افراد سے اپیل کی کہ وہ اس قومی کاز میں طلبہ کا ساتھ دیں تاکہ پاکستان کو تعلیم یافتہ شہریوں کا ملک بنایا جا سکے، انہوں نے کہا کہ قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ویژن تعلیم، تربیت، تحقیق اور امن ہے۔ ایم ایس ایم اپنے قائد کے ویژن کی روشنی میں تعلیم کو عام کرنے کی جدوجہد کررہی ہے۔
تبصرہ