فیصل آباد (18 فروری 2016) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو انتہا پسندی اور دہشتگردانہ سرگرمیوں سے بچانے کیلئے قومی دولت اعلیٰ تعلیم کی فراہمی اور روزگار کے منصوبوں پر خرچ کی جائے، نوجوان اقبال کے شاہین، ڈاکٹر طاہرالقادری کی انقلابی فکر کے داعی اور پاکستان کا مستقبل ہیں۔ آج 19 فروری ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کو یوم امن کے طور پر منایا جائیگا اور نوجوانوں سے عہد لیا جائیگا کہ وہ معاشرے کو انتہا پسندی سے پاک کرنے کیلئے سرتوڑ کوششیں کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے MSM کے زیراہتمام ضرب امن تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رانا تجمل حسین، میاں کاشف محمود، میاں انصرمحمود، غلام محمد قادری، شاہد سیلم، آصف عزیز، شہزاد مصطفوی، ملک سرفراز قادری، عامر مقصود گجر، محمد ثاقب، عمران احمد، رائے علی حسن، رائے عظیم، مبشر چشتی اور صاجزادہ زبیر بھی موجود تھے۔
میاں کاشف محمودنے کہا کہ تعلیم اور روزگار کو عام کیے بغیر پاکستان میں امن قائم ہوگا اور نہ ہی دہشتگردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ ہوگا۔ حکمرانوں کو قومی دولت کے استعمال کے حوالے سے اپنی ترجیحات کو بدلنا ہو گا۔ انہوں نے علم کے فروغ، ضرب امن مہم کے حوالے سے ایم ایس ایم کے نوجوانوں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ مصطفوی انقلاب کا ہر اول دستہ ہے، یہ واحد طلبہ تنظیم ہے جس کا ہر رکن امن کیلئے کام کر رہا ہے۔
تبصرہ