حکمران دہشت گردی کے سپورٹر اور انکی فکر کے پروموٹر ہیں: خرم نوازگنڈاپور

حکمرانوں نے پوری قوم کو لقمہ اجل بنا دیا ہے، قومی ایکشن پلان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ حکومت ہے
موجودہ پارلیمنٹ مفادات کی قیدی ہے جو ملک کو صومالیہ، ایتھوپیا اور افغانستان بنانا چاہتی ہے
دہشتگردوں کو سب سے زیادہ خطرہ تعلیم سے ہے، طلبہ بزدلانہ کارروائیوں سے ڈرنے والے نہیں :عرفان یوسف
خرم نواز گنڈا پور، میجر (ر) محمد سعید کا عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب

لاہور (20 جنوری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور اور چیف آرگنائزر میجر (ر) محمد سعید نے کہا ہے کہ چارسدہ یونیورسٹی میں ہونے والی دہشتگردی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کی شدید ترین مذمت کرتے ہیں۔ دہشتگرد انسانیت کے قاتل ہیں، ملک کی بقاء اور سالمیت کیلئے دہشتگردی سب سے بڑا خطرہ ہے، دہشت گردی میں شہید ہونے والے اساتذہ اور طلبہ کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔ چارسدہ یونیورسٹی پر حملے کے ذمہ دار حکمران ہیں جو دہشت گردی کے سپورٹر اور ان کی فکر کے پروموٹر ہیں، حکمرانوں نے ذاتی مفادات کی خاطر پوری قوم کو لقمہ اجل بنادیا ہے، قومی ایکشن پلان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ موجودہ حکومت ہے، موجودہ پارلیمنٹ مفادات کی قیدی ہے جو ملک کو صومالیہ، ایتھوپیا اور افغانستان بنانا چاہتی ہے، فوجی عدالتوں کے فیصلوں کو چیلنج کرنے والے دہشت گردوں کو مضبوط کررہے ہیں، فوجی عدالتون کے فیصلوں پر اعتراض کرنے والے امن کے دشمن اور دہشتگردوں کے مددگار ہیں، حکمران دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ نہیں، دہشت گردی کا عفریت ملک کو کھارہا ہے، دہشتگرد سکول کالجز اور یونیورسٹیوں کو نشانہ بنارہے ہیں، وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی، ساجد بھٹی، بشارت جسپال، فرح ناز، افنان بابر، قاضی فیض الاسلام، جواد حامد، فیاض وڑائچ، بریگیڈیئر (ر) مشتاق احمد اور دیگر موجود تھے۔

خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ حکمران قومی ایکشن پلان پر سنجیدگی سے عمل کرنے کی بجائے آپریشن ضرب عضب کی کامیابیاں اپنے نام کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ اگر نااہل حکمران مفاہمت کی عینک اتار کر دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ ہوتے تو اس پر قابو پایا جا سکتا تھا۔ درین اثناء باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردی کے خلاف مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ کا ہنگامی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوا۔

مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ کے صدر چودھری عرفان یوسف کی صدارت میں منعقد ہونے والے اجلاس میں باچا خان یونیورسٹی میں ہونے والی دہشتگردی کی شدید مذمت کی گئی، شہید ہونے والے اساتذہ اور طلبہ کیلئے دعا کی گئی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عرفان یوسف نے کہا کہ بزدل دہشتگردوں کو سب سے زیادہ خطرہ تعلیم سے ہے مگر بہادر طلبہ دشمنوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے ڈرنے والے نہیں بلکہ اور بھی جرات کے ساتھ ’’ضرب امن‘‘ اور ’’ضرب علم‘‘ مہم کو لے کر چلیں گے۔ جلد دہشتگردی کے خلاف ملک کے تمام تعلیمی اداروں میں ضرب امن اور ضرب علم دستخطی مہم چلائیں گے اور دہشتگردانہ سوچ کے خاتمے پر جدوجہد جاری رکھیں گے۔

تبصرہ