ساری قوم کو نابیناؤں کی حالیہ جدوجہد سے سبق سیکھنا ہوگا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین

نوجوان نسل موجودہ استحصالی نظام کو بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے

راولپنڈی ( ) پاکستان عوامی تحریک سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ پاکستان میں اہلیت کی بجائے سفارش اور دولت معیار ہے۔ تعلیم یافتہ نوجوان ملک میں رائج فرسودہ نظام سے تنگ آکر ملک سے باہرچلے جاتے ہیں جس کی وجہ سے ملکی ادارے اعلیٰ دماغوں سے محروم ہوچکے ہیں۔ وسائل چند ہاتھوں میں سمٹ جانے کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ اپنے حقوق لینے کیلئے ساری قوم کو نابیناؤں کی حالیہ جدوجہد سے سبق سیکھنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی میں پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے عہدیداروں سے ایک ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر منصور اعوان، وسیم خٹک اور مظہر علوی بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ مقتدر طبقات کی ملی بھگت اور لوٹ مار نے قوم کو بے حس بنا دیا ہے۔ نوجوان نسل اپنے فطری جوش و جذبے کی وجہ سے موجودہ استحصالی نظام کو بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ کوئی بھی تبدیلی ان کے بغیر پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکتی۔ عوامی تحریک یوتھ ونگ کے کارکن اپنے علاقوں میں ایک ایک نوجوان تک پہنچ کر اسے استحصالی نظام کے خلاف عملی جدوجہد کیلئے تیار کریں۔ انقلاب اور انتخاب دونوں رستوں پر سفر جاری ہے، جس طرف سے موقع ملا بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کامیاب سفیر امن سیمینار پر راولپنڈی کے تمام کارکنوں کو مبارکباد دی۔

تبصرہ