تحریک منہاج القرآن جشن میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو امن اور عالمی بھائی چارے کے فروغ کے عزم کے ساتھ منائے گی۔ ڈاکٹر رحیق عباسی

دین اسلام میں کسی بے گناہوں کی جان لینا تو دور کی بات کسی کو خود اپنی جان لینے کی بھی اجازت نہیں
مٹھی بھر دہشت گردوں کو اس ملک کا امن و سکون بگاڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‎
میلاد کا سماں پیدا کرنے کیلئے ملک کے تمام بڑے شہروں میں بسلسلہ استقبال ربیع الاول میلاد مارچ کیے جارہے ہیں
سیکورٹی کے انتظامات کے لیے پاکستان عوامی تحریک یو تھ ونگ اور مصطفویٰ سٹوڈنٹس موومنٹ کے پانچ ہزار نوجوانوں پر مشتمل سکواڈ خدمات سر انجام دے گا
سربراہ میلاد مہم ڈاکٹر رحیق احمدعباسی کی مرکزی سیکرٹریٹ میں عالمی میلاد کانفرنس سے سلسلے میں تشکیل دی جانیوالی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو

تحریک منہاج القرآن جشن میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو امن اور عالمی بھائی چارے کے فروغ کے عزم کے ساتھ منائے گی۔ آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کی خوشی مناناہر مسلمان پر فرض ہے۔ دنیا میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت سے بڑی کوئی خوشی نہیں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیغمبر امن ہیں اور اسلام دین امن و سلامتی ہے، دین اسلام میں کسی بے گناہوں کی جان لینا تو دور کی بات کسی کو خود اپنی جان لینے کی بھی اجازت نہیں۔ 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب عالم اسلام کی سب سے بڑی 31ویں عظیم الشان سالانہ عالمی میلاد کانفرنس منعقد ہو گی جس میں دنیا بھر سے علماء کرام، مشائخ عظام، قراء و نعت خواں حضرات اور عالم اسلام کی مقتدر مذہبی شخصیات خصوصی شر کت کریں گی۔ عالمی میلا دکانفرنس سے ڈاکٹر محمد طاہر القادری خصو صی خطاب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ میلاد مہم ڈاکٹر رحیق عباسی نے عالمی میلاد کانفرنس کے سلسلے میں بنائی گئیں مختلف انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈاپور، جواد حامد، جی ایم ملک، احمد نواز انجم، شہزاد رسول، سہیل رضا، ساجد محمود بھٹی، آصف اکبر میر، محمد ارشاد طاہر، شعیب طاہر، عرفان یوسف، راضیہ نویداور حافظ غلام فرید و دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پچاس سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ سیکورٹی کے انتظامات کے لیے پاکستان عوامی تحریک یو تھ ونگ اور مصطفویٰ سٹوڈنٹس موومنٹ کے پانچ ہزار نوجوانوں پر مشتمل سکواڈ خدمات سر انجام دے گا۔ عالمی میلاد کانفرنس کو منہاج ٹی وی کے علاوہ دنیا بھر میں مختلف ٹی وی چینلز براہِ راست دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں صرف لاہور سے لاکھوں افراد شر کت کریں گے۔ خواتین اور مرد حضرات کیلئے الگ الگ پنڈال بنائے جائیں گے۔ عالمی میلاد کانفرنس میں آنے والے قافلو ں کی رہنمائی کیلئے مختلف راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔ میلاد کی رات ہر سال کی طر ح امسال بھی ضیافت میلاد کا اہتمام کیا جائے گا اور ہر خاص و عام کے لئے کھانے کا وافر اہتمام ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میلاد کا سماں پیدا کرنے کیلئے ملک کے تمام بڑے شہروں میں بسلسلہ استقبال ربیع الاول بیداری شعور میلاد مارچ کیے جائیں گے جن میں لاکھوں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شرکت کریں گے۔ میلاد مارچز کا مقصد عوام الناس کو بھی اس مہم میں شامل کرنا ہے۔ لوگوں کو اس موقع پر اپنے گھروں پر چراغاں کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ اس سلسلہ میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین نے پاکستان کے پانچوں صوبوں میں بالخصوص پنجاب بھر میں عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر کا وزٹ کیا جار ہا ہے۔ دوسرے مرحلہ میں لاہور سے مریدکے، کامونکی، گوجرانوالہ، وزیر آباد، گجرات، لالہ موسیٰ، سرائے عالمگیر، جہلم، گوجر خان، راولپنڈی، اسلام آباد، ٹیکسلا، حسن ابدال، حضرو، اٹک، ہری پور، مانسہرہ اور مظفر آباد شامل ہیں۔ جبکہ تیسرے مرحلہ میں جنوبی پنجاب، لاہور سے ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان ڈویژن کے علاقے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یکم ربیع الا ول سے لے کر بارہ ربیع الاول تک روزانہ بعد نماز مغرب میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مشعل بردارجلوس نکالے جا رہے ہیں اور خصوصی دروس قرآن کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔ جس میں دہشت گردی کے خاتمے، ملکی سلامتی و خوشحالی اور سانحہ پشاور کے شہداء کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں گوشہ درود شریف اور دنیا بھر سے تحریک کے کارکنان کی طرف سے اربوں مرتبہ پڑھے جانے والے درود پاک کا تحفہ بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کیا جائے گا۔

سربراہ میلاد مہم نے کہا کہ منہاج القرآن سے وابستہ تمام افراد اس مبارک ماہ میں ایک دوسرے کو تحائف، پھولوں کے گلدستے اور میلاد کارڈ پیش کریں گے۔ اپنے گھر محلے کی صفائی کے ساتھ ساتھ نئے صاف ستھرے کپڑے پہنیں گے اور اپنے سینوں پر نعلین پاک کا نقش آویزاں کریں گے۔ 12 ربیع الاول کو ہر کارکن کے گھر میں نماز فجر کے بعد کھڑے ہو کر نذرانہ درود و سلام پڑھا جائے گا اور شیرینی تقسیم کی جائے گی۔ ملک بھر میں بازاروں، عمارتوں اور گھروں کو بھر پور سجایا جائے گا اور دنیا کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ پاکستان اور پاکستانی قوم امن پسند اورمعتدل رویوں کی حامل ہے، مٹھی بھر دہشت گردوں کو اس ملک کا امن و سکون بگاڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

تبصرہ