پاکستان عوامی تحریک نوجوان نسل کو عدم برداشت سے بچانے کیلئے مختلف سطحوں پرکوششیں کر رہی ہے۔ سہیل رضا

لاہور (11 دسمبر 2014) انٹرنیشنل کونسل فار انٹر فیتھ ڈائیلاگ کے زیر اہتمام پیس ایوارڈ کی تقریب گلبرگ کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی‎ EGM یو ایس اے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ولیم رابنسن نے پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری انٹر فیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مذاہب عالم کے درمیان ہم آہنگی، برداشت، رواداری، امن و محبت اور احترام انسانیت کے فروغ کیلئے پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عملی کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے ’’پیس ایوارڈ ‘‘ دیا۔ سیکرٹری انٹر فیتھ ریلیشنز پاکستان عوامی تحریک سہیل احمد رضا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری بین الاقوامی طور پر ہر سطح پر فکری، عملی، نظریاتی اور علمی محاذ پر دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے جو جدوجہد کر رہے ہیں عالمی برادری نے بھی ان کاوشوں کا اعتراف کیا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے نوجوان نسل کو عدم برداشت، سماجی تفریق، ثقافتی تصادم اور مذہبی منافرت سے بچانے کیلئے مختلف سطحوں پر خدمات سر انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری قومی سطح پر تمام مذاہب کے بنیادی حقوق کے شریعت اسلامی اور آئین پاکستان کی روشنی میں تحفظ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس موقع پر فادر ندیم فرانسس، مسٹر ایڈورڈ جان اور ڈاکٹر ولیم رابنس نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ