شفاف تحقیقات کیلئے وزیر اعلیٰ مستعفی ہوں، قاتلوں کی بنائی JIT قبول نہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

پنجاب کے حکمران بتائیں اگر انکی داڑھی میں تنکا نہیں تو جوڈیشل انکوائری رپورٹ کو منظر عام پر کیوں نہیں لا رہے؟
اوورسیز پاکستانی ایک سال میں سارا بیرونی قرضہ اتارنے کیلئے تیار، رکاوٹ کرپشن اور کرپٹ حکمران ہیں، لندن میں گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پاکستان روانگی سے قبل لندن میں اخبار نویسوں اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شفاف تحقیقات کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب استعفیٰ دیں، قاتلوں کی بنائی گئی JIT کسی صورت قبول نہیں۔ پنجاب کے حکمران بتائیں اگر انکی داڑھی میں تنکا نہیں تو جوڈیشل انکوائری رپورٹ کومنظر عام پر کیوں نہیں لا رہے؟ شہداء کے ورثاء کی تائید سے محروم جے آئی ٹی کے سربراہ اور اس کے ممبران اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے تحقیقات سے علیحدہ ہو جائیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی قاتل پولیس اور منصوبہ ساز پنجاب حکومت ہے، قاتلوں کی بنائی جے آئی ٹی میں گواہی نہیں دینگے، جے آئی ٹی میں پنجاب کا کوئی نمائندہ شامل نہیں ہونا چاہیے اور جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی اور ایم آئی کے نمائندوں کو شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں، انتخابات کے قریب مضبوط انتخابی الائنس بنائینگے، ہماری جنگ سٹیٹس کو کے خلاف ہے پاکستان تحریک انصاف سے کوئی اختلاف نہیں نہ ہی راستے جدا کرنے کی کبھی بات کی، الگ الگ جماعتوں کے ہوتے ہوئے بھی ظلم کے خلاف ہماری جدوجہد ایک ہے۔ سپریم کورٹ پر حملہ کر کے اسے دو حصوں میں تقسیم کرنے والوں کو آئین و جمہوریت کا نام لیتے ہوئے بھی شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میرا تنظیمی دورہ امریکہ اور برطانیہ انتہائی کامیاب رہا، اوورسیز پاکستانی ایک سال کے اندر سارا بیرونی قرضہ اتارنے کیلئے تیار ہیں مگر رکاوٹ کرپٹ حکمران اور کرپشن کا نظام ہے۔ امریکہ، برطانیہ کے ایک ایک شہر کے پاکستانی تاجروں، صنعتکاروں نے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا یقین دلایا۔ ان کی شرط ہے رشوت ستانی، اقربا پروری، ناانصافی اور کرپشن کا نظام بدلا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صرف وہی جے آئی ٹی مانیں گے جو ہمارے مطالبات کی روشنی میں تشکیل پائے گی، ایک اللہ، ایک کتاب پر یقین رکھنے والی قوم کو ایک بنانے کیلئے ایک تعلیمی نصاب اور ایک معاشی نظام کی ضرورت ہے، ہماری جدوجہد قومی ہے، چاروں صوبوں کے عوام کو محبت اور یکجہتی کی ایک لڑی میں پروئیں گے اور ہر طرح کے استحصال اور ناانصافی کا خاتمہ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غریب، مزدور، کاشتکار، کلرک اور استحصال کا شکار اقلیتیں ہرگز مایوس نہ ہوں، پاکستان عوامی تحریک اور ڈاکٹر طاہرالقادری ان کی آواز بنیں گے اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نظام نہیں رہنے دینگے جس میں عدالتوں اور اداروں کے اختیارات جعلی مینڈیٹ والے حکمران یا ان کی نااہل اولادیں استعمال کریں، ظلم کے نظام کے خلاف آواز اٹھانے والی ہر جماعت اور فرد کے اتحادی ہیں۔

تبصرہ