ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثاء کیلئے گھر تعمیر کرانے کا اعلان

ورثاء نے دیت کے نام پر حکومتی لالچ ٹھکرا کر غیرت کا مظاہرہ کیا: ڈاکٹر حسن محی الدین
پاکستان عوامی تحریک کی سپریم کونسل کے چیئرمین کی شیخوپورہ، مریدکے کے شہداء اور زخمیوں کے ورثاء سے ملاقات

لاہور (17 نومبر 2014ء) پاکستان عوامی تحریک کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے شیخوپورہ اور مریدکے کے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 2 شہداء کے ورثاء کیلئے گھروں کی تعمیر نو کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہادر اور جرات مند انقلابی کارکنوں کے ورثاء نے دیت کے نام پر حکومتی لالچ ٹھکرا کر غیرت و حمیت کا مظاہرہ کیا اور تحریک سے وفاداری نبھانے کا حق ادا کیا، ہم بھی انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، جرات مند کارکنوں نے حکمرانوں پر واضح کر دیا کہ شہداء کے خون کا معاوضہ نہیں بدلہ لیا جائیگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شیخوپورہ، مریدکے کے سانحہ ماڈل ٹاؤن اور شاہراہ دستور کے شہداء اور زخمیوں کے اہلخانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور اور مقامی تنظیموں کے رہنماو کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری 20 نومبر کو وطن واپس آ کر انقلابی جدوجہد کے دوسرے اور فیصلہ کن مرحلہ کی قیادت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی قیادت اور مرکزی رہنماؤں کی کردار کشی اور انہیں ہراساں کرنے کیلئے حکومت دہشتگردی کی عدالتوں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کر رہی ہے جو قابل افسوس ہے۔ عدالتیں پولیس کے جھوٹے مقدمات اور جھوٹی گواہیوں کو اہمیت نہ دیں کیونکہ پاکستان کے عوام کی آخری امید یہی عدالتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی عدالتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ ظالم اور قاتل قانون کے کٹہرے میں کب کھڑے کیے جائینگے؟

انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی منزل ظالمانہ نظام کو بدلنا ہے اور اس انقلاب کے حصول کیلئے حکمت عملی تبدیل کی گئی ہے، ملک بھر میں اعلان کیے گئے جلسے اور دھرنے مقررہ تاریخوں پر منعقد ہونگے، حکومت کا کوئی ہتھکنڈا ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ایماء پر PAT کی قیادت کو اشتہاری قرار دینے کی خبروں کی اشاعت اور گرفتاری کی دھمکیوں سے اندرون و بیرون ملک لاکھوں کارکنان میں شدید اضطراب ہے، حکمران سیاسی ماحول کو متشدد بنانے سے بازرہیں، ہماری پرامن جدوجہد انقلاب کے عظیم مقاصد کے حصول تک جاری رہے گی۔

ڈاکٹر حسن نے کہا کہ عوام نے موجودہ حکمرانوں کو دل و دماغ سے نکال دیا ہے اور وہ ان کی رخصتی کے دن کا انتظا رکررہے ہیں اور وہ دن قریب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے سے عوام کو سیاسی شعور ملا، یہ شعور ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام اور استحکام کیلئے پہلی سیڑھی ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء اور زخمی اور جن کارکنان نے انقلاب کے عظیم مقصد کیلئے جانی مالی قربانیاں دیں ان کی نگہداشت میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا۔

تبصرہ