پاکستان عوامی تحریک کی اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے مقررین کی پریس بریفنگ

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس’’القادریہ ماڈل ٹاؤن‘‘ میں ہوا جس میں پاکستان مسلم لیگ کے صدرچودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الہیٰ، مجلس وحدت المسلمین کے راجہ ناصر عباس، سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا، PAT کے صدر ڈاکٹر رحیق عباسی و دیگر قائدین موجود تھے۔ اجلاس میں آئیندہ کی حکمت عملی بیداری عوام، اسلام آباد میں جاری دھرنے سے متعلق امور زیر غور آئے۔ بعد ازاں اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے القادریہ ہاؤس کے باہر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے چودھری شجاعت حسین، ڈاکٹر رحیق عباسی، صاحبزادہ حامد رضا اورراجہ ناصر عباس نے خطاب کیا۔ چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ ہمارے کوئی اختلافات نہ پہلے تھے نہ اب ہیں۔ محرم الحرام کے احترام میں کوئی کمی نہیں ہو گی۔ 2010 کے متاثرین سیلاب کے چیک بھی کیش نہیں ہوئے۔ 95 ہزار چیکس تقسیم کئے گئے جن میں 50ہزار چیکس کیش نہیں ہوئے۔ اس پرحکمرانوں کے خلاف مقدمات قائم ہونے چاہیں۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ بیداری عوام اور جشن فتح کل اسلام آ باد دھرنے میں منایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ جلسوں کے آئیندہ کی تواریخ اور دھرنوں سے متعلق معاملات پر کل اسلام آباد میں اعلانات کئے جائیں گے۔ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ہم سب سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعد اکٹھے ہوئے تھے۔ نا مساعد حالات اور ریاستی ظلم و جبر و دہشت گردی کے بعد بھی اکٹھے ہیں۔ دھرنوں نے قوم کو بیدار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم ظلم کے خلاف جنگ اور ریاستی جبر کے خلاف ڈٹ جانے کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کہیں دہشت گردی کا واقعہ ہوا تو ذمہ دار شہباز شریف اور وفاقی حکومت ہو گی۔

تبصرہ