10 اگست کو سانحہ ماڈل ٹاؤن اور ضرب عضب آپریشن میں شہید ہونے والے جوانوں کیلئے ’’یوم شہداء‘‘ منایا جائیگا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

نواز شریف کی کچن کابینہ انہیں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان پر تشدد کرنے پر اکسا رہی ہے
یوم شہداء لانگ مارچ کی طرح پر امن ہو گا نہ پتہ ٹوٹے گا اور نہ گملہ۔ ڈاکٹر طاہرالقادری
انقلاب ہر صورت آئے گا اسے کوئی نہیں روک سکتا۔ چوہدری شجاعت حسین
ڈاکٹر طاہرالقادری کو گرفتار کیا گیا تو پورا ملک جام کر دیں گے۔ علامہ راجہ ناصر عباس

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ 10 اگست کو یوم شہداء میں امر کا خصوصی اضافہ کیا گیا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء اور ضرب عضب آپریشن میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو بھی ایصال ثواب میں شامل کر کے ’’یوم شہداء‘‘ منایا جائیگا۔ عوام لاکھوں کی تعداد میں منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن پہنچیں گے اور ہر شخص اپنے ہمراہ قرآن پاک، تسبیح اور جائے نماز لائے گا کیونکہ ہم یہاں پر لاکھوں نسخے فراہم نہیں کر سکتے۔ یوم شہدا لانگ مارچ کی طرح پر امن ہو گا نہ پتہ ٹوٹے گا اور نہ گملہ مگر نواز شریف کی کچن کابینہ کی گندی ذہنیت رکھنے والے اور انہیں بادشاہ بنانے والے اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کو گرفتار اور تشدد و جبر و بربریت کرنے پر اکسا رہے ہیں۔ پر امن کارکنان اور شہریوں کے صبر کے حد کا ایک پیمانہ ہوتا ہے، ہر شخص کو سیلف ڈیفنس کا حق حاصل ہے اگر انکو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا گیا تو امن و امان کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شجاعت حسین، چوہدری پرویز الہیٰ، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، صاحبزادہ حامد رضا، ڈاکٹر رحیق عباسی، خرم نواز گنڈا پور، قاضی فیض، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ و دیگر بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ملک میں جمہوریت نہیں، ہر پانچ سال بعد عوام کو پرچی ڈالنے کا حق دیا جاتا ہے اور پھر 5 سال تک غریب عوام کو بھول جاتے ہیں۔ قانون اور آئین کو حکمرانوں نے گھر کی باندی بنا رکھا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ قانون اور آئین پارلیمنٹرینز کے آگے یر غمال ہے۔ پچھلے 6 ماہ میں ان حکمرانوں نے SRO کے ذریعے اپنے دوستوں کو نوازا۔ سپریم کورٹس کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 58 قومی اداروں میں سے 32 اداروں کا اختیار اپنے پاس رکھا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثاء کی FIR درج نہ کرنا حکومتی بوکھلاہٹ اور گھبراہٹ ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کے بھائی مصطفی کمال کو 12 ارب روپے صرف صاف پانی کی مد میں بطور رشوت دیے گئے جبکہ حالات یہ ہیں کہ ہر ایک منٹ میں ایک بچہ صاف پانی نہ ملنے پر مر رہا ہے۔ صوبائی وزیر رانا مشہود کے بھائی رانا اسد کو ایڈوائزر لگا کر 10 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ دی جا رہی ہے اور PHA میں رانا اسد کو 4 ارب کا بجٹ دیا گیا ہے یہ 18 کروڑ غریب عوام کے حق پر ڈاکہ ہے، عوام کا خون چوسا جا رہا ہے۔ تحریک صوبہ ہزارہ میں آٹھ افراد کو شہید کیا گیا۔ حضرت داتا علی ہجویری کے مزار پر حملے میں شہید ہونے والوں کے خون کا حساب کون دے گا؟ انہوں نے کہا کہ حکومت شریفیہ کے وزراء قتل و غارت گری، دہشت گردی، گالم گلوچ اور دوسروں کی کردار کُشی کی ذمہ داری پر مامور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف منی لانڈرنگ کے جھوٹے الزام لگائے گئے ہیں۔ FIA نے 100 صفحات پر مبنی رپورٹ وزیر اعظم کو بھجوائی ہے کہ دنیا بھر میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی ایک روپے کی بھی منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہو سکی، الزام غلط ثابت ہونے پر حکومت کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شجاعت نے کہا کہ انقلاب ہر صورت آئے گا اسے کوئی نہیں روک سکتا۔ حکمران بوکھلا گئے ہیں، اتنی غلیظ زبان استعمال کر رہے ہیں کہ میں انکا جواب دینا بھی مناسب نہیں سمجھتا۔

مجلس وحدت المسلمین کے راجہ ناصر عباس نے کہا کہ اگر ڈاکٹر طاہرالقادری اور دیگر جماعتوں کے قائدین اور کارکنان کو گرفتار کیا گیا اور ان پر کسی قسم کا ظلم کیا گیا تو پورا ملک جام کر دیں گے۔

تبصرہ