قوم عید کی خوشیوں میں آئی ڈی پیز کو ہر گز نہ بھولے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

عید کے موقع پر قوم افواج پاکستان کی کامیابی کیلئے دعا کرے
عید کے بعد قوم انقلاب کی کال پر نکلنے کیلئے تیار رہے
ڈاکٹر طاہرالقادری کا عید الفطر کے موقع پر قوم کے نام پیغام

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عید الفطر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم عید کی خوشیوں میں آئی ڈی پیز کو ہر گز نہ بھولے وہ ہمارے ہی خاندان کا حصہ ہیں۔ سخت ترین موسم میں فوجی جوان ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے عظیم مشن کی تکمیل میں لگے ہوئے ہیں۔ پوری قوم عید کے موقع پر ان کی کامیابی کیلئے دعا بھی کرے اور افواج پاکستان کے حوصلوں کی بلندی کیلئے انہیں بھر پور خراج تحسین بھی پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی بربریت کا شکار ہزاروں مسلمان پوری امت مسلمہ کی طرف حسرت بھری نگاہ سے دیکھ رہے ہیں ان کی مدد کی ہر ممکن کاوش کرنا مسلم ممالک کا اولین فریضہ ہونا چاہیے۔ پاکستانی قوم اور امت مسلمہ فلسطینیوں کی مدد کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر اقدامات کرنے کیلئے مسلم ممالک کی حکومتوں پر دباؤ ڈالیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ عید الفطر قربانی کا درس دیتی ہے۔ امسال قربانی کے جذبے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے کیونکہ ظالمانہ نظام نے پوری قوم کو غلامی میں جکڑ رکھا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ قوم کو غلامی سے نجات دلا کر آئیندہ سال عید کی حقیقی خوشیاں لوٹانے کیلئے قوم کے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ حقیقی خوشیوں کا حصول عظیم قربانی کا تقاضہ کرتا ہے جس کے لئے عید کے بعد قوم انقلاب کی کال پر نکلنے کیلئے تیار رہے۔ انقلاب کے بعد عوام کو حقوق ان کی دہلیز پر میسر ہوں گے اور 2015ء کی عید 20کروڑ عوام کیلئے حقیقی خوشیاں لے کر آئے گی۔

تبصرہ