تکلیف کی اس گھڑی میں ڈاکٹر طاہرالقادری اور عوامی تحریک کے کارکنان اپنے ہم وطنوں کے شانہ بشانہ موجود رہیں گے
شمالی وزیرستان کے مظلوم عوام کو انکے بنیادی حقوق کی فراہمی میں حکومت ناکام ہو چکی
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت ماہر ڈاکٹر ز پر مشتمل میڈیکل کیمپس متاثرین وزیر ستان کیلئے لگائے جائیں گے
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمدعباسی کا بنوں میں ہزاروں متاثرین میں سامان تقسیم کرتے ہوئے خطاب
شمالی وزیرستان کے متاثرین کی مدد کرنا ہمارا دینی، قومی و ملی فریضہ ہے۔ حکمرانوں کے پاس جنگلہ بس سروس اپنی عیائشیوں اور دیگر شاہ خرچیوں کیلئے تو اربوں کھربوں کے فنڈز ہیں لیکن متاثرین وزیرستان کیلئے کچھ نہیں ہے۔ حکومت وزیرستان کے متاثرین کے معاملے میں مجرمانہ غفلت کی ذمہ دار ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایات پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت پہلے فیز میں شمالی وزیرستان کے متاثرہ ہم وطنوں کیلئے بنوں میں 12 ہزار خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کار بلاامتیاز رنگ و نسل و جنس و مذہب وزیرستان کے متاثرین کی خدمت کیلئے کوشاں ہیں۔ عوام کے تعاون سےIDPS کے 12ہزار خاندانوں کیلئے پہلے مرحلے میں 14 ٹرکوں پر مشتمل قافلے میں متاثرین کیلئے غذائی اجناس، پانی، بسکٹ، دالیں، دودھ، چاول، چینی، گھی، آٹا، ادویات اور دیگر ضروری سامان متاثرہ علاقوں میں پہنچا دیا گیا ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے کروڑوں روپے مالیت کا سامان 12 ہزار خاندانوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ ان خیا لات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمدعباسی نے بنوں میں ہزاروں متاثرین میں سامان تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اس موقع پر سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ، خرم شہزاد، قاضی محمود و دیگر بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ مصیبت اور تکلیف کی اس گھڑی میں ڈاکٹر طاہرالقادری اور عوامی تحریک کے کارکنان اپنے ہم وطنوں کے شانہ بشانہ موجود رہیں گے۔ آئین پاکستان میں ریاست اور حکومت کی اپنے عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی ذمہ داریاں واضح درج ہیں لیکن شمالی وزیرستان کے مظلوم عوام کو انکے بنیادی آئینی حقوق کی فراہمی میں حکومت ناکام ہو چکی ہے۔ غذائی قلت اور شدید گرم موسم کی وجہ سے ہزاروں لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 18کروڑ سے زائد آبادی کا ملک خوراک کے معاملے میں پوری طرح خود کفیل ہے۔ اس کے باوجود کرپٹ سیاسی نظام اور نا اہل سیاستدانوں نے مظلوم پاکستانیوں کے حق پر ڈاکہ ڈال رکھا ہے۔
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی منافقت اور دہشت گردوں سے مذاکرات کے ڈرامے سے لاتعداد معصوم شہریوں کی شہادتیں ہوئی ہیں اور لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں جس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ آپریشن ضرب عضب بہت پہلے شروع ہو جانا چاہیے تھا۔ دہشت گردوں کا ملک بھر میں پیچھا کر کے انکا صفایا کیا جائے گا۔ آرمی چیف کے اس بیان کو پوری قوم سراہتی ہے۔ ساری قوم اپنی جرات مند اور دلیر فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک مشکل کی اس گھڑی میں وزیرستان کے متاثرین کے ساتھ ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایت پر کروڑوں روپے مالیت کی امداد کوپہلے فیز میں متاثرین میں تقسیم کر دیا گیا ہے اور یہ سلسلہ متاثرین کی بحالی تک جاری رہے گا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت ماہر ڈاکٹر ز پر مشتمل میڈیکل کیمپ بھی متاثرین وزیر ستان کیلئے لگائے جائیں گے جلد ہی اس منصوبے کو شروع کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک نے مظلوم عوام کی مدد حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ارشادات کی روشنی میں اپنا قومی و ملی فریضہ سمجھتے ہوئے کی ہے۔
تبصرہ