اقتدار میں دس لاکھ افراد کو شریک کر کے شراکتی جمہوریت کی بنیاد رکھوں گا
یوم انقلاب کا دن حکمرانوں کے اقتدار کا آخری دن ہو گا
پاکستان عوامی تحریک بہاولپور اور ملتان کے یوسی سطح کے ہزاروں عہدیداران سے خطاب
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ طاقت اور اقتدار کا سر چشمہ عوام ہیں۔ اقتدار ایک مقدس امانت ہے جو عوام پاکستان حکمرانوں کو اس لئے سونپتے رہے ہیں کہ آئین کے تحت حاصل حقوق ان کودہلیز پر بہم پہنچیں گے۔ حکمرانوں نے اس مقدس امانت میں بد ترین خیانت کی اور اقتدار کو ملکی اور عوامی مفاد کے منافی استعمال کر کے عوام کو حقوق سے کلیتاً محروم، اداروں کو کمزور اور ملکی مفادات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ آئین کا دیباچہ اور پہلے 40 آرٹیکل جو عوام کے حقوق کی ترجمانی کرتے ہیں، کو کلیتاً معطل کر کے حکمران آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں اس لئے حکمرانوں پر مقدمہ چلنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولپور اور ملتان سے آنے والے پاکستان عوامی تحریک کے یوسی سطح کے ہزاروں عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ عوام اور حکمرانوں کے درمیان معاہدہ عمرانی عملاً ٹوٹ چکا ہے اورموجودہ حکمران حق حکمرانی کھو چکے ہیں۔ اس لئے امانت میں خیانت کرنے والوں کو بر طرف کر کے اقتدار کی امانت اہل لوگوں کے سپرد کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ میری کال پر عوام پاکستان اس لئے سڑکوں پر نکلیں گے کہ حکمرانوں پر عدم اعتماد کا اظہار کر سکیں۔ یوم انقلاب کا دن حکمرانوں کے اقتدار کا آخری دن ہو گا کیونکہ اس دن نیا معاہدہ عمرانی ہو گا۔ جس کے بعد اقتدار عوام کے حقیقی نمائیندوں کے سپرد کر دیا جائے گا۔ اقتدار میں دس لاکھ افراد کو شریک کر کے شراکتی جمہوریت کی بنیاد رکھوں گا۔ کڑے احتساب، اصلاحات کے بعد حقیقی عوامی جمہوریت کا قیام میری زندگی کے مقاصد میں سے ایک ہے۔ پہلے 40 آرٹیکل عوام کے حقوق بقیہ 240 طرز حکمرانی پر بحث کرتے ہیں۔ حکمران عوام کے حقوق معطل کریں تو عوام حق رکھتے ہیں کہ بدیانت حکمرانوں کو گھر بھیج دیں۔
تبصرہ