ورکرز کنونشن اشرافیہ کو پیغام دیں گے کہ اب لوٹ مار کا کھیل زیادہ دیر نہیں چلے گا
جلد ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت قائم ہو گی تو یہ استحصالی نظام خس و خاشاک کی طرح بہہ جائے گا
پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت عزیز جسپال کا ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب
پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت عزیز جسپال نے کہا ہے کہ کرپشن کی دیمک نے ملکی اداروں کو کھوکھلا کر دیا ہے اور ہوشربا مہنگائی کا عفریت عوام کو نگلے جا رہا ہے۔ غریب سے لقمے چھیننے والی پالیسیوں کا تسلسل قوم سے جینے کا حق بھی چھین رہا ہے ۔ نام نہاد جمہوریت کے نام پر مجبوریت کا نظام مسلط کر کے مقتدر طبقات نے عوام کو اپنا غلام سمجھ لیا ہے۔ غلامی کی زنجیروں کو توڑنے اور قومی شعور کی بیداری کے لیے پاکستان عوامی تحریک کے یومِ تاسیس پر 25 مئی کو ہونے والے ملک گیر ورکرز کنونشن ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو نگے۔ 25 مئی کے ورکرز کنونشن میں پاکستان عوامی تحریک کے غیور کارکنان ثابت کر دیں گے کہ اب چند خاندانوں کی نہیں بلکہ عوام کی حکومت قائم ہو نے کا وقت آگیا ہے عوام کو مصلوب کرنے والوں کے تخت کا تختہ کرنے کے لیے عوام کو گھروں سے نکلنا ہو گا۔ تبدیلی کی امیدیں لگانے والوں کو بھی سمجھنا ہو گا کہ گھر بیٹھنے سے کچھ نہیں ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکریٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے ایگزیکٹو کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جب کہ اس موقع پر فیاض وڑائچ، راجہ زاہد، راجہ ندیم، مشتاق نوناری ایڈوکیٹ، چودھری افضل گجر، سلطان محمود چودھری اور عبدالحفیظ چودھری بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ 25 مئی کو پاکستان عوامی تحریک کے 25 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ملک بھر میں 300 سے زائد مقامات پر ورکرز کنونشن منعقد ہوں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری خصوصی خطاب کریں گے۔ یہ ورکرز کنونشن اشرافیہ کو پیغام دیں گے کہ اب لوٹ مار کا کھیل زیادہ دیر نہیں چلنے دیا جائے گا، اب عوام کے حقوق پر شب خون مارنے کا عمل زیادہ دیر تک جاری نہ رہ سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں اور سیاست دانوں کی خود غرضی سرطان کی مانند اس مملکتِ خداداد کو ختم کرنے کے در پہ ہے۔ ملک سیاسی اور مذہبی دہشت گردی کی زد میں ہے۔ نام نہاد جمہوری حکومت نے اپنے انتخابی وعدوں پر بالکل بھی عمل نہیں کیا۔ عوام توانائی کے بحران اور منہ زور مہنگائی کے ہاتھوں اوندھے منہ گر چکے ہیں، لوگ اپنی جان بچانے کی خاطر بھوک، افلاس سے تنگ آکر ڈاکے، چوری اور لوٹ مار کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔ بے روز گاری اور مہنگائی پر قابو پانا، امن و امان فراہم کرنا ریاست کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے مگر افسوس ہمارے حکمران اس ذمہ داری کی ادائیگی میں کلیتاً ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر فرد اپنے سیاسی، سماجی شعور کو بلند کرنے اور معاشرے میں ہونے والی انفرادی اور اجتماعی زیادتیوں اور ملکی مفادات کی سرِ عام نیلامی پر خاموشی اختیار کرنے کی بجائے اپنا مضبوط کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کو ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ایک کروڑ نمازیوں کی صف میں شامل ہو کر قافلہ عزم و یقیں کا حصہ بننا ہو گا۔ جلد ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت قائم ہو گی تو لٹیرے حکمران اور استحصالی نظام خس و خاشاک کی طرح بہتے نظر آئیں گے۔
تبصرہ