11 مئی کا انسانی سروں کا سمندر نکل آئے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

اب عوام کے چہروں سے سرخی چھیننے والوں سے کھلی جنگ ہو گی
4 حلقے نہیں پورا پاکستان کرپشن اور دھاندلی میں ہے۔ 11 مئی کو انقلاب کیلئے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا
نظام انتخاب کرپٹ ترین ہے جسے اکھاڑے بغیر چین سے نہیں بیٹھوں گا
پاکستان عوامی تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں بیرون ملک سے ٹیلی فونک خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ 40سال قبل جس جدوجہد کا آغاز کیا تھا اسکا آخری مرحلہ آن پہنچا ہے۔ اب عوام کے چہروں سے سرخی چھیننے والوں سے کھلی جنگ ہو گی، واپسی نہیں ہو گی۔ میری زندگی وقف انقلاب ہے۔ دنیا کی کوئی طاقت میرے راستے کی دیوار نہیں بن سکتی۔ سبز انقلاب کا سورج طلوع ہونے کے قریب ہے۔ ، استحصال اور ظلم کی اندھیری رات ختم ہونے والی ہے۔ کارکن ڈور ٹو ڈور مہم جاری رکھیں۔ 11مئی کا انسانی سروں کا سمندر نکل آئے گا۔ نظام کو مسمار کرنے کیلئے فائنل کال جلد دوں گا۔ نظام انتخاب کرپٹ ترین ہے جسے اکھاڑے بغیر چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ اللہ کا کرم، میرا یقین، اعتماد اور عوام میری طاقت ہیں۔ اس دفعہ کسی حکمران سے مذاکرات نہیں ہونگے۔ وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں بیرون ملک سے ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل PAT خرم نواز گنڈا پور، شیخ زاہد فیاض، بشارت عزیز جسپال، جی ایم ملک، جواد حامد، ساجد بھٹی اور عبد الحفیظ چودھری بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ 4حلقے نہیں پورا پاکستان کرپشن اور دھاندلی میں ہے۔ 11مئی کو انقلاب کیلئے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔ اصلاحات کی بات ڈی چوک کے دھرنے میں ہو چکی اب پہلی اور آخری ترجیح صرف انقلاب ہے۔ موجودہ حکومت کو چند ماہ اور مل گئے تو عوام زندہ درگو ہو جائینگے اس لیے عوام 11مئی کو گھروں سے نکل کر حکمرانوں کو پیغام دیں گے کہ ان کے اقتدار کا سورج کسی بھی وقت غروب ہو سکتا ہے۔ سبز انقلاب اس دھرتی کا مقدر ہے اور عوام اپنی تقدیر خود لکھیں گے۔ 11مئی کو جماعت انقلاب کی اقامت کہی جائے گی اورصفوں کی درستگی کے بعد اسکی امامت کے کیلئے وطن آ جاؤنگا۔

تبصرہ