11 مئی کو عوام چند خاندانوں کے گلے سڑے نظام سیاست کے خلاف سڑکوں پر آئیں گے

پنکچر زدہ نظام انتخاب کے خلاف 11 مئی سے شروع ہونے والے عوامی سیلاب کو نا اہل حکمران نہیں روک سکتے
خرم نواز گنڈا پور کی پاکستان عوامی تحریک لاہور کے عہدیداران کے اجلاس میں گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ پنکچر زدہ نظام انتخاب کے خلاف 11مئی سے شروع ہونے والے عوامی سیلاب کو نا اہل حکمران نہیں روک سکتے۔ 67 سالوں میں اقتدار صرف ایک لٹیرے ٹولے سے دوسرے لٹیرے ٹولے کو ہی منتقل ہوا۔ 11 مئی 2013 کے الیکشن سے ملک میں جمہوریت کی آڑ میں چند خاندانوں کی آمریت مسلط ہو چکی ہے۔ عوام سیاسی شعور کی آنکھ کھول کر انقلاب کیلئے اٹھ کھڑی ہو۔ امداد اور قرضوں کی آکسیجن پر ملک چلانے والے اقتدار اور ذاتی مفادات کے وفادار ہیں۔ قومی اداروں کی لوٹ سیل لگا کر کرپشن کے ریکارڈ توڑنے والے مقتدر ٹولے کے خلاف عوام کو ہی اٹھنا ہو گا۔ عوام ملک کو بار بار لوٹنے والوں سے نجات حاصل کرنے کا عزم صمیم کر لیں، انقلاب کی منزل دور نہیں ہے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک لاہور کے عہدیداران کے اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر چوہدری افضل گجر، محمد ارشاد طاہر، حافظ غلام فرید، الطاف رندھاوا، حاجی اسحق اور ثناء اللہ بھی موجود تھے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ پورے ملک میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف عوام سڑکوں پر آ چکے ہیں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی باتیں کرنے والے نا اہل حکمران عوام کو بتائیں کہ لوڈشیڈنگ کا ختم کیوں نہیں ہو رہی۔ مہنگائی کا عفریت متوسط طبقے کو بھی غربت کی لکیر تک کھینچ لایا ہے۔ 11مئی کو عوام چندکرپٹ حکمران خاندانوں کے گلے سڑے نظام سیاست کے خلاف سڑکوں پر آئیں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کے ویثرن کو ہر پاکستانی تک پہنچانے کیلئے پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران اور کارکنان دن رات ایک کر دیں۔ اگلی نسلوں کو خوشحال اور باوقار مستقبل دینے کیلئے ظالمانہ نظام انتخاب کو جڑ سے اکھاڑنا ہو گا اور اس کیلئے انقلاب ہی واحد آپشن ہے۔

تبصرہ