نا اہل حکمران مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ عتیق چوہدری
پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے زیر اہتمام بجلی کی قیمتوں حالیہ اضافے کے خلاف پنجاب اسمبلی کے سامنے پر امن احتجاجی مظاہرہ
پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے زیر اہتمام بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے، مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی اور کرپشن کے خلاف مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری کوارڈینیشن ساجد محمود بھٹی نے احتجاجی مظاہرہ میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ مظاہرے کی قیادت مرکزی صدر محمد شعیب طاہر نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدرمحمد شعیب طاہر نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ، مہنگائی، بے روز گاری اور بدامنی نے غریب عوام کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے۔ حالیہ اضافہ غریب عوام کی توقعات کے بالکل برعکس ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہر ماہ غریب عوام پر بجلی بم گرایا جاتا ہے جس سے بالواسطہ اور بلا واسطہ مہنگائی کا اونچے درجے کا سیلاب آیا ہے۔ جس کی تندو تیز اور ظالم لہروں میں بے بس اور مجبور غریب عوام خس وخاشاک کی طرح بہتے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں اور آئے دن کی مہنگائی نے ان کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک یوتھ کے سیکرٹری جنرل عتیق چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ مہنگائی، بے روز گاری، رشوت ستانی اور جرائم کی شرح میں اضافہ اور امن وامان کی خوفناک صورتحال نے غریب عوام کا جینا پہلے ہی دوبھر کر رکھا ہے ایسے میں ان کے زخموں پر مرحم رکھنے اور ان کے مصائب اور تکالیف کم کرنے کی بجائے آئے روز بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا ظالمانہ عمل مسلسل جاری ہے جوکہ غریب عوام پر انتہائی ظلم ہے۔ نا اہل اور کرپٹ حکمران عوامی مسائل کو حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ اس موقع پرپاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہو ر کے صدرحاجی فرخ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کے درد اور مسائل کو سمجھنے والا اور ان کے دکھوں کا مداوا کرنیوالا کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھر کے مجبور عوام کے منہ میں نوالہ ڈالنے کی بجائے حکمران فیسٹول منانے میں مصروف ہیں۔ قوم کی بیٹیاں انصاف نہ ملنے پر خود سوزیاں کر رہی ہیں، مرحم پٹی رکھنے والی نرسیں اپنے حق کیلئے کئی روز سے سڑکوں پر ہیں لیکن نا اہل حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ مظاہرے سے پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے عہدیداران رانا زبیر، محمد سہیل اورملک عمران نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ