منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت قحط متاثرین کے لیے میر پور خاص، ڈگری، مٹھی، اسلام کوٹ، ننگر پارکر میں امدادی کیمپ قائم

60 لاکھ روپے سے زائد کا سامان قحط سے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم
متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ بھی لگائے جا رہے ہیں

تھر کے قحط زدگان کی مدد کرنا ہمارا دینی، قومی و ملی فریضہ ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں تھر پار کر کے حالات کے لیے مجرمانہ غفلت کی ذمہ دار ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایت پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت تھر پارکر کے متاثرین کے لیے میر پور خاص، ڈگری، مٹھی، اسلام کوٹ، ننگر پارکر اور چھپھرو میں امدادی کیمپ قائم کردیے گئے ہیں۔ جہاں پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کار بلا امتیاز رنگ ونسل و جنس و مذہب خدمت انسانیت کے لیے کوشاں ہیں۔ عوام کے تعاون سے تھر کے متاثرین کے لیے غذائی اجناس، پانی، کپڑے، ادویات اور دیگر ضروری سامان متاثرہ علاقوں میں پہنچایا جارہا ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے 60 لاکھ روپے سے زائد کا سامان 500 متاثرہ ہندو اور 500 مسلمان خاندانوں میں تقسیم کردیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر عین الحق بغدادی نے تھر پار کر، اسلام کوٹ میں امدادی سامان تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے ناظم تنظیمات رفیق نجم، عبدالحفیظ چوہدری، سندھ کے امیر سید مخدوم ندیم ہاشمی، ندیم نقشبندی، ریاض نقشبندی و دیگر بھی موجود تھے۔

عین الحق بغدادی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت اور دکھ کی اس گھڑی میں ڈاکٹر طاہر القادری اور تحریک کے کارکنان اپنے ہم وطنوں کے شانہ بشانہ موجود رہیں گے۔ ریاست اور حکومت کی اپنے عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی ذمہ داریاں آئین میں واضح درج ہیں۔ تھر کے مظلوم عوام کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں ناکام ہوچکی ہیں۔ غذائی قلت اور بیماری کی وجہ سے سینکڑوں معصوم بچوں کی ہلاکت انسانی تاریخ کا المناک سانحہ ہے۔ 18 کروڑ عوام سے زائد آبادی کا ملک خوراک کے معاملے میں پوری طرح خود کفیل ہے۔ اس کے باوجود کرپٹ سیاسی نظام اور نا اہل سیاستدانوں نے مظلوم پاکستانیوں کے حق پر ڈاکہ ڈال رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وقت سے پہلے مناسب اقدامات کر لیے جاتے تو محض فاقہ کشی اور بیماری کی وجہ سے کوئی بھی قیمتی جان ضائع نہ ہوتی۔ ہر حکومت نے تھر کے مظلوم عوام کو ترقیاتی منصوبہ بندیوں سے محروم رکھا۔ جس کی وجہ سے آج بھی ملک کے دیگر علاقوں کی نسبت تھر میں غربت سب سے زیادہ ہے۔

عین الحق بغدادی نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت ماہر ڈاکٹر وں کی سربراہی میں متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ بھی لگائے جارہے ہیں اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن جلد ہی متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی کیلئے واٹر پمپ لگانے کے منصوبے کیلئے عملی اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنے مظلوم عوام کی مدد حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ارشادات کی روشنی میں اپنا ملی فریضہ سمجھتے ہوئے کی ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ "وہ شخص مومن نہیں ہو سکتا جو خود تو پیٹ بھر کر کھائے اور اسکا پڑوسی بھوکا سوئے"۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کیلئے تھر کے مظلوم عوام کی ترقی کیلئے خصوصی منصوبہ بندی کی جائے اور انہیں بنیادی انسانی سہولتیں فوری مہیا کی جائیں۔ ہندو برادری کے رہنماء اور سنت نینو رام آشرم کے خصوصی پجاری نند لال نے اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے فلاحی کاموں کے سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری سندھ کے قحط زدہ عوام کیلئے جو کاوشیں کر رہے وہ تاریخ میں یاد رکھی جائینگی، ہندو برادری ان لازوال کوششوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

تبصرہ