ہمارامقصد اعلی تعلیمی معیار قائم کرنا اور اسلام کے آفاقی نظام کو طلباء تک پہنچانا ہے۔ قاسم مرزا

ایم ایس ایم کے نوجوان استقامت کے ساتھ اُس وقت تک ڈٹے رہیں گے جب تک سیاست کے شیطان بھاگ نہیں جاتے
پاکستان میں کرپٹ نظام انتخاب کے ہوتے ہوئے کبھی تبدیلی نہیں آئے گی

اسلام آباد ( ) 10 مارچ 2013ء مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاسم مرزا نے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر قوم ترقی نہیں کر سکتی لہذا طلبہ کی اولین ذمہ داری صرف اورصرف تعلیم کا حصول ہے کسی بھی معاشرے کی ترقی میں طلبہ اور باشعور نوجوان اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ہمارا مقصد اعلی تعلیمی معیار قائم کرنا اور اسلام کے آفاقی نظام کو طلباء تک پہنچانا ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ گزشتہ 19 سالوں سے تعلیمی اداروں میں فروغ تعلیم اور امن کے لیے کوشاں ہے۔ طلباء اپنا رشتہ اسلحہ کی بجائے کتاب سے جوڑیں اور معاشرے میں مثبت رویوں کے فروغ کے لیے کردار ادا کریں۔ انقلاب کیلئے جماعت قائم کرنے کیلئے دو کروڑ ووٹرز کو نہیں نمازیوں کو کال دی ہے جواستقامت کے ساتھ اُس وقت تک ڈٹے رہیں گے جب تک سیاست کے شیطان بھاگ نہیں جاتے۔ طلباء اورکارکن دو کروڑ نمازیوں کیلئے صفیں بچھاتے جائیں جلد ہی اقامت کہی جائے گی اور قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری کی امامت میں نماز انقلاب قائم ہو جائے گی جس کے نتیجے میں انقلاب کا سویرا طلوع ہو گا۔ پاکستان میں کرپٹ نظام انتخاب کے ہوتے ووٹ کے ذریعے کبھی تبدیلی نہیں آئے گی۔ ظلم کا سونامی استحصالی نظام کی شکل میں عوام کے حقوق کو خس و خاشاک کی طرح بہائے جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف یونیورسٹیز اور کالجز کے طلباء کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سعید خان نیازی، نعمان کریم، بلال چیمہ، مدثر عباسی، ندیم احمد، حافظ غلام مجتبی اور دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کا حصول مشکل ہو گیا ہے جس کی وجہ کرپٹ نظام انتخاب ہے۔ مہنگائی کے حالیہ طوفان کی وجہ سے طلبہ کا تعلیم حاصل کرنا محال ہے۔ علم کی اہمیت سے بہرہ ور قومیں بچوں کو مفت تعلیم دے رہی ہیں مگر پاکستان میں سکولوں کی حالت ناگفتہ بہ اور تعلیم کا بجٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔ جماعت انقلاب قائم ہونے پر ان شاء اللہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوان اگلی صفوں میں ہوں گے اور سلام پھرنے تک ہر طالبعلم دیگر کی طرح استقامت کا پہاڑ بن کر کھڑا رہے گا۔ سٹیٹس کو کی قوتیں جان لیں اب ان کو تحفظ دینے والا نظام تنکوں کی طرح بہہ جائے گا اور انقلاب کے بعد ملک میں حقیقی جمہوریت کا قیام ہو گا۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی ٹیم کے دیگر ممبرز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم فروغ امن کے لیے ہمہ وقت کوششیں کرتے رہیں گے اور ایم ایس ایم تعلیمی اداروں میں امن، محبت، بھائی چارہ اور کتاب سے لگاؤ پیدا کرنے کے لیے اپنی جدوجہد ہمیشہ جاری رکھے گی۔ اس موقع پر یوم تاسیس کے حوالے سے کیک کاٹا گیا۔

تبصرہ