نام نہاد جمہوری حکومت نے اشیائے خوردو نوش کو غریب کی پہنچ سے دور کر دیا
عوام ایک عذاب سے نکل نہیں پاتے کہ دوسرا عذاب تیار ہو جاتاہے
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ پچھلی حکومت نے اپنے پانچ سالہ دو ر اقتدار میں غربت ختم کرنے کی بجائے ’’غریب مکاؤ‘‘ پالیسیاں بنائیں۔ اپنے دور اقتدار میں انہوں نے غریب مکانے کی حتی المقدور کوششیں کیں، کرپشن کے مگر مچھوں کو کھلی آزادی دی اور جاتے جاتے غریب مکانے کی یہ اہم ’’ذمہ داریاں‘‘ اپنے پیروکاروں کو دے گئے جو اپنے چھ ماہ کے دور اقتدار میں غریب مکانے کی بھر پور کو ششوں میں مصروف ہیں۔ نام نہاد جمہوری حکومت کی کوشش ہے کہ اشیائے خوردو نوش کو غریب کی پہنچ سے دور کر دیا جائے تا کہ’’ بچھے کچھے‘‘ غریبوں کو بھی مکایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تاجر اتحاد کے ایک وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اس موقع پرحاجی اسحق، سلطان چودھری، عارف چودھری، حافظ غلام فرید اور چودھری افضل گجر بھی موجود تھے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ عوام ایک عذاب سے نکل نہیں پاتے کہ دوسرا عذاب تیار ہو جاتاہے۔ حکمرانوں کی طرف سے ایک بار پھر عوام پر گیس بم پھینکنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، اس سے غریب عوام کی رہی سہی ہمت بھی جواب دے جائے گی اور گیس مہنگی ہونے سے اشیائے خوردونوش اس قدر مہنگی ہو جائیں گی کہ لوگ بیکری اور تندور کے نام سے بھی خوف کھائیں گے۔ عوام 29دسمبر کو پاکستان عوامی تحریک کے تحت ہوشرباء مہنگائی کے خلاف لاہور سے شروع ہونے والے مظاہروں میں شریک ہو کر ان ظالم حکمرانوں کو اقتدار میں لانے والے ظالمانہ نظام کو سمندر برد کر دیں۔
تبصرہ