میڈیا وہ آئینہ ہے جس میں کرپٹ عناصر اپنا اصل چہرہ دیکھ کر خوفزدہ
ہو جاتے ہیں
صحافت بجا طور پر ریاست کا اہم ستون ہے جو باقی ستونوں کو بھی طاقت مہیا کرتا ہے
یوم صحافت کے دن پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے صحافیوں کو
خراج تحسین پیش کرتے ہیں
تحریک منہاج القرآن کے قائم مقام ناظم اعلیٰ جی ایم ملک نے کہا ہے کہ صحافت کی آزادی پر قدغن لگانے والے ہر دور میں موجود رہے ہیں۔ بہت سے ظالموں نے شعبہ صحافت سے وابستہ کارکنوں پربدترین تشدد، ظلم، جبر اور انکی جانیں تک لینے سے گریز نہیں کیا۔ ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں صحافت سے وابستہ ایسی تمام شخصیات کو جنہوں نے اپنی ثابت قدمی سے جابر حکمرانوں کے تمام مکروہ عزائم کو ناکام بنایا اور آج تک کوئی جابر، ظالم حکمران حق کی آواز کو دبانے میں کامیاب نہیں سکا۔ میڈیا وہ آئینہ ہے جس میں کرپٹ عناصر اپنا اصل چہرہ دیکھ کر خوفزدہ ہو جاتے ہیں اور پھر اپنا عمل اور کردار درست کرنے کی بجائے آئینہ توڑنے کے درپے ہو جاتے ہیں۔ مگر اب ایسا ممکن نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف میڈیا تحریک منہاج القرآن کے تحت مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عالمی یوم صحافت کے حوالے سے منعقدہ فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عبد الحفیظ چوہدری، قاضی محمود الاسلام، نوشیر واں، محمد عارف طاہر، عارف رضوی، غلام علی، غلام محمد اور میاں زاہد جاوید بھی موجود تھے۔
جی ایم ملک نے کہا کہ صحافت بجا طور پر ریاست کا اہم ستون ہے جو باقی ستونوں کو بھی طاقت مہیا کرتا ہے۔ جس سے ریاست کی امارت مضبوط بنیادوں پر استوار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کرپشن کے تحفظ دینے والے موجود سیاسی نظام کے خلاف بھی آواز بلند کرے تا کہ اس حبس زدہ سیاسی ماحول اور کلچر سے نجات مل سکے۔ صحافت ریاست کا اہم ستون ہے مقتدر طبقوں کو اس پر تنقید حقیقت سے آنکھیں چرانا ہے۔ میڈیا یکجہتی، محنت اور مثبت اپروچ سے اپنا سفر جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ استحصالی اور کرپٹ سیاسی نظام ملک میں تعمیری اور مثبت سیاست کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ اللہ اس وقت تک قوموں کی حالت نہیں بدلتا جب تک قوم خوداپنا مقدر بدلنے کا فیصلہ نہ کر لے۔ میڈیا اور عوام اپنے حقوق کے حصول کیلئے بالغ نظری کا ثبوت دیا۔ جی ایم ملک نے کہا کہ آج یوم صحافت کے دن پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کی صحافت جانتی ہے کہ صحافی قوم کا چہرہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے خون جگر سے آزادی صحافت کا چراغ جلایا ہے۔ آج بھی نظریاتی صحافتی ادارے سنجیدہ فکر صحافی آزادی اظہار اور حرمت قلم کیلئے سر بکف ہیں۔
تبصرہ