جب یوم انقلاب کا آغاز ہو گا لٹیرے پاکستان چھوڑ کر بھاگ جائیں
گے
جمہوریت کے نام پر ملک میں مجبوریت کا نظام اور شہنشائیت مسلط ہے
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے کہا ہے کہ امن، اتحاد، نظم اور قربانی کے اسلحہ سے پاکستان میں سبز انقلاب آئے گا۔ پاکستان پر قابض سٹیٹس کو سے صبح انقلاب یا صبح شہادت تک جنگ لڑی جائے گی۔ پاکستان عوامی تحریک فیصلہ کن مرحلے کی طرف بڑھ رہی ہے۔ جس دن یوم انقلاب کا آغاز ہو گا لٹیرے پاکستان چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔ جمہوریت کے نام پر ملک میں مجبوریت کا نظام اور شہنشائیت مسلط ہے۔ جس کے باعث آمریت اور بربریت کا راج ہے۔ عوام کو ڈاکوؤں، لٹیروں، مہنگائی اور بے روز گاری کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ پاکستان قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کا دیا گیا تحفہ ہے جسے حکمرانوں نے تجارتی مفادات کیلئے عالمی طاقتوں کے ہاتھ گروی رکھ دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ ڈرون حملوں پر جعلی غم و غصہ دکھایا جا رہا ہے، حکمران واشنگٹن میں کچھ اور طے کر کے آئے ہیں اور عوام کو کچھ اور بتا رہے ہیں۔ ڈرون حملوں کو امن اور مذاکرات کی کوششوں پر حملہ قرار دینا حکمرانوں کا دجل اور فریب ہے۔ حکمران پارلیمنٹ کے فلور، میڈیا اور عوام کے سامنے سفید جھوٹ بول رہے ہیں۔ اوبامہ سے ملاقات کے دوران ڈرون حملوں کے حوالے سے سرے سے بات ہی نہیں ہوئی۔ ایسے جعلی وزیر اعظم کا گریبان پکڑا جائے جو عوام کو گمراہ کر رہا ہے۔
اسلام آباد میڈیاسیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نماز انقلاب کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی، انچارج میڈیا سیل مصطفی خان، غلام علی خان، اختر راجہ، قاری منہاس بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دینے والے حکمرانوں کی مشرق سے مغر ب تک تقریباً تمام ملکوں میں بزنس ایمپائرز قائم ہیں اور انکے بنک اکاؤنٹس بھی بیرونی دنیا میں ہیں۔ پاکستان کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو بڑی سے بڑی طاقت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے اور انہیں NO کہنے کی جرات رکھتی ہو۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی صورت میں ایسی قیادت قوم کو مل چکی ہے اب قوم پر فرض ہے کہ وہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی نماز انقلاب کاحصہ بن جائیں تاکہ ملک سے کرپٹ نطام کاخاتمہ کیا جا سکے۔ حکمران قوم کو فرسٹریشن کا شکار کر کے پاگل بنا رہے ہیں۔ پاکستان اللہ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا عطا کردہ عطیہ ہے۔ موجودہ نظام سے بغاوت کر کے ہی اس تحفے کی حفاظت ہو سکتی ہے۔
تبصرہ