اسلاف کے اصولوں سے انحراف کرنے والے ہجوم کو قوم بن کے کفارہ ادا کرنا ہو گا۔ قاضی فیض الاسلام

آج سیاست نہیں ریاست بچانے کا وقت ہے ،وطن عزیز کے ہر طبقے کو حقیقی تبدیلی کیلئے باہر نکلنا ہو گا
قاضی فیض الاسلام کایوم اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے حوالے سے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام نے کہا ہے کہ اسلاف کے اصولوں سے انحراف کرنے والے ہجوم کو قوم بن کے کفارہ ادا کرنا ہو گا اور تحریک پاکستان کے جذبہ کے ساتھ تحفظ و استحکام پاکستان کیلئے اقدامات کرنا ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام نے یوم اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے حوالے سے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیر اہتمام ’’اقبال رحمۃ اللہ علیہ اور پاکستان‘‘ کے موضوع پر اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی صدر شعیب طاہر جاوید اصغر ججہ، صلاح الدین خان، قاسم مرزا، سعید خان نیازی، نعمان کریم، طلحہ بٹ، ندیم احمد کے علاوہ اسلام آباد بھر سے نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

انہوں نے کہا کہ روح اقبال رحمۃ اللہ علیہ کو خوش کرنے کیلئے 18 کروڑ پاکستانیوں کو ریاست بچانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیوں کو درست سمت میں صرف کرنا ہو گا۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو غلامی کا طوق ہمارا مقدر بن جائے گا۔ 66 سال کے سفر کا حاصل یہ ہے کہ آج اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کو خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ تحفظ و استحکام پاکستان کیلئے ہر پاکستانی کو اپنی ذمہ داریوں کو پہچاننا ہو گا۔ وطن عزیز کے ہر طبقے کو حقیقی تبدیلی کیلئے باہر نکلنا ہو گا۔ اگلی نسلوں کو مستحکم اور خوشحال پاکستان دینے کیلئے نوجوانوں اور طلبہ کو ریاست بچانے کیلئے کلیدی کردار ادا کرنا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی بیدارئ شعور مہم ملک میں حقیقی تبدیلی پر منتج ہو گی۔ نوجوان ملک بچانے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کی ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت میں شامل ہو جائیں۔

تبصرہ