یوم انقلاب کے آغاز پر لٹیرے ملک چھوڑ کر بھاگ جائیں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری

امن، اتحاد، نظم اور قربانی کے اسلحہ سے پاکستان میں سبز انقلاب آئے گا
پاکستان پر قابض سٹیٹس کو سے صبح انقلاب یا صبح شہادت تک جنگ لڑی جائے گی
جس دن یوم انقلاب کا آغاز ہو گا لٹیرے پاکستان چھوڑ کر بھاگ جائیں گے
جمہوریت کے نام پر ملک میں مجبوریت کا نظام اور شہنشائیت مسلط ہے
پاکستان قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کا دیا گیا تحفہ ہے جسے حکمرانوں نے تجارتی مفادات کیلئے عالمی طاقتوں کے ہاتھ گروی رکھ دیا گیاہے
جعلی وزیر اعظم کا گریبان پکڑ ا جائے جو عوام کو گمراہ کر رہا ہے
ڈاکٹر طاہر القادری کا پاکستان عوامی تحریک لاہورکے تحت مصطفوی ورکرز کنونشن میں شریک 15ہزار سے زائد کارکنوں سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ امن، اتحاد، نظم اور قربانی کے اسلحہ سے پاکستان میں سبز انقلاب آئے گا اور ایک جان بھی تلف نہیں ہو گی۔ پاکستان پر قابض سٹیٹس کو سے صبح انقلاب یا صبح شہادت تک جنگ لڑی جائے گی۔ پاکستان عوامی تحریک فیصلہ کن مرحلے کی طرف بڑھ رہی ہے، جس دن یوم انقلاب کا آغاز ہو گا لٹیرے پاکستان چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔ جمہوریت کے نام پر ملک میں مجبوریت کا نظام اور شہنشائیت مسلط ہے، جس کے باعث آمریت اور بربریت کا راج ہے۔ گلوبل بزنس ایمپائر کو پھیلانا حکمرانوں کی اولین ترجیح ہے۔ عوام کو ڈاکوؤں، لٹیروں، مہنگائی اور بے روز گاری کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ پاکستان قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کا دیا گیا تحفہ ہے جسے حکمرانوں نے تجارتی مفادات کیلئے عالمی طاقتوں کے ہاتھ گروی رکھ دیا گیا ہے۔ حالیہ ڈرون حملوں پر جعلی غم و غصہ دکھایا جا رہا ہے، حکمران واشنگٹن میں کچھ اور طے کر کے آئے ہیں اور عوام کو کچھ اور بتا رہے ہیں۔ ڈرون حملوں کو امن اور مذاکرات کی کوششوں پر حملہ قرار دینا حکمرانوں کا دجل اور فریب ہے۔ حکمران پارلیمنٹ کے فلور، میڈیا اور عوام کے سامنے سفید جھوٹ بول رہے ہیں۔ موجودہ حکمران مشرف اور زرداری کی پالیسیوں کا تسلسل ہیں۔ اوبامہ سے ملاقات کے دوران ڈرون حملوں کے حوالے سے سرے سے بات ہی نہیں ہوئی۔ عوام وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹس سے جوائنٹ سٹیٹمنٹ کی کاپی نکال کر پڑھ سکتے ہیں اس میں کہیں ڈرون حملوں کے حوالے سے ذکر نہیں ہے۔ ایسے جعلی وزیر اعظم کا گریبان پکڑ ا جائے جو عوام کو گمراہ کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک لاہورکے تحت ہونے والے مصطفوی ورکرز کنونشن میں شریک 15ہزار سے زائد کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سپریم کونسل کے چیئر مین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری، پی اے ٹی کے مرکزی صدر شیخ زاہد فیاض، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام، لاہور کے امیر ارشاد طاہر، ناظم حافظ غلام فرید، غلام ربانی تیمور، صدر پی اے ٹی لاہور محمد افضل گجر، سلطان محمود چودھری، صدر یوتھ سعید بھٹی، زبیر مصطفےٰ ٹیپو، چوہدری علی رضا، انعام مصطفوی، نبیلہ ظہیر اور راشدہ ملک، علامہ اصغر صدیقی، علامہ ممتاز حسین بھی سٹیج پر موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دینے والے حکمرانوں کی مشرق سے مغرب تک تقریباً تمام ملکوں میں بزنس ایمپائرز قائم ہیں اور انکے بنک اکاؤنٹس بھی بیرونی دنیا میں ہیں۔ پاکستان کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو بڑی سے بڑی طاقت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے اور انہیں NOکہنے کی جرآت رکھتی ہو۔ موجودہ کیبنٹ میں ویثرن رکھنے والا ایک بندہ بھی نہیں ہے۔ حکمرانوں نے پاکستان کو افریقہ کے آخری درجہ کا حامل ملک بنا دیا ہے۔ حکمران قوم کو فرسٹریشن کا شکار کر کے پاگل بنا رہے ہیں۔ پاکستان اللہ اور اسکے رسول ﷺ کا عطا کردہ عطیہ ہے۔ موجودہ نظام سے بغاوت کر کے ہی اس تحفے کی حفاظت ہو سکتی ہے۔

تبصرہ