منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو بڑی تعداد میں قربانی کی کھالیں ملنا عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، عثمان بٹ

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن آزمائش کی گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ رہی ہے
زکوۃ و صدقات اور قربانی کی کھالیں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مالی وسائل کے ذرائع ہیں

منہاج ویلفیئرفاؤنڈیشن اسلام آباد کے صدرعثمان بٹ نے کہا ہے کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو بڑی تعداد میں قربانی کی کھالیں ملنا عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن آزمائش کی گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ رہی ہے۔ اسلامی معاشر ے میں نادار لوگوں کی کفالت اور مستحقین کی داد رسی اسلامی ریاست کا فرض ہے لیکن ریاست اپنی ان ذمہ داریوں کو نبھانے میں ناکام ہوچکی ہے، تاہم افراد امت کا بھی فریضہ ہے کہ وہ اپنے ارد گرد نظر دوڑائیں اور اپنے پڑوس کے معاشی حالات سے باخبر رہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اسی مشن پر عمل پیرا ہے۔ اسلام کے ان شفاف تصورات اور احکامات کی بدولت تاریخ اسلام میں بارہا ایسا وقت بھی گذرا کہ معاشرے میں ہر فردمالی طور پر خود کفیل ہوا اور زکوۃ و خیرات لینے والا کوئی نہ تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن ویلفیئر فاؤنڈیشن اسلام آباد کے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن اسلام آبادکے صدر ابرار رضا ایڈووکیٹ، فاروق بٹ، ناظم تحریک عرفان طاہر، جبکہ یوتھ لیگ اسلام آباد کے صدر جاوید اصغر ججہ، سعید خان نیازی، مبشر رندھاوا اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

عثمان بٹ نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ایک ایسا منظم فلاحی ادارہ ہے جس کی سرپرستی عالم اسلام کے عظیم رہنماء شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کر رہے ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت دنیا بھر میں جدید و قدیم علوم سے آراستہ تعلیمی ادارے شب و روز معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ کروڑوں روپے کی لاگت سے یتیم و بے سہارا بچوں کی کفالت کے ادارہ " آغوش" کی باوقار عمارت مکمل ہو چکی ہے۔ جبکہ 400 بے سہارا بچیوں کی کفالت کیلئے ادارہ بیت الزہراہ کی تعمیر بھی آخری مراحل میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ زکوۃ و صدقات اور قربانی کی کھالیں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مالی وسائل کے ذرائع ہیں۔ اس سال منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو ریکارڈ کھالیں ملیں اور اس مقصد کیلئے اسلام آباد بھر میں کھالوں کی کولیکشن کے لئے مختلف مقامات پر زائد کیمپ لگائے گئے تھے۔ اسلام آباد میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام سب سے بڑی قربان گاہ کراچی کمپنی میں بنائی گئی ہے جہاں جانوروں کی اجتماعی قربانی کی گئی۔

تبصرہ