خطے میں غربت، افلاس، جہالت و پسماندگی، انتہاپسندی اور دین سے دوری دہشت گردی کی اصل وجوہات ہیں
تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم تربیت علامہ محمد لطیف مدنی کہا ہے کہ معاشرے میں بڑھتا ہوا ظلم وستم دہشت گردی بدامنی، بھوک و افلاس سے نجات کے لیے اور مملکت خداداد پاکستان کی سلامتی، امن و سکون اور استحکام کے لیے قوم کو اتحادواتفاق، یگانگت، پیار و محبت اور مساوات کی ضرورت ہے۔ ہمیں بگاڑ کی اصلاح کے لیے انفرادی کاوشوں کی بجائے اجتماعی جدوجہد اور توبہ کو اپنانا ہوگا۔ اجتماعی دعا اور توبہ سے عوام کی اجتماعی غلطیوں کا ازالہ ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن چیچہ وطنی کے عہدیدران کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ عثمان سیالوی، علامہ میر آصف اکبر اور علامہ ممتاز صدیقی بھی موجود تھے۔
انہوں نے دہشت گردی، انتہاپسندی اور بدامنی کی فضا میں قوم کے بڑھتے ہوئے ا ضطراب اور بے چینی سے نجات کے لیے پوری قوم کو قرآن کریم کی تلاوت، کثرت درود وسلام اور اجتماعی توبہ و دعا کی تلقین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے ہرفرد کی ذمہ داری ہے کہ جس طرح اپنے گھروں میں آگ لگتی ہے تو ہم پریشان ہو جاتے ہیں۔ صدقہ، خیرات، توبہ اور دعاکرنا شروع کردیتے ہیں۔ ہمار ا وطن عزیز بھی گھر کی مانند ہے۔ وطن سے محبت اور اس کا تحفظ ایمان کی علامت ہے۔ ہم سب کو مل کر اللہ کی طرف رجوع کرنا چاہیے اور اس کے حضور اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کی اجتماعی معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وظائف کے ساتھ ساتھ اجتماعی توبہ کے بعد اجتماعی دعا میں بدامنی، دہشت گردی کے حالیہ عذاب سے نجات اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔
تبصرہ