جب تک عوام ظالمانہ نظام کو نہیں لپیٹیں گے روشنی کی کوئی کرن نہیں دکھائی دے گی، علامہ لطیف مدنی

جس معاشرے میں یتیم کا حق مارا جائے اللہ تعالیٰ اس معاشرے سے برکت کا ہاتھ اٹھا لیتا ہے
لوڈ شیڈنگ، دہشت گردی اور خوف و ہراس کی کیفیت حقیقت میں عذاب الٰہی ہے

موجودہ دور میں بد امنی، قتل و غارت گری، لوٹ مار، لوڈ شیڈنگ، دہشت گردی اور خوف و ہراس کی کیفیت حقیقت میں عذاب الہی ہے۔ جنوبی ایشیا میں پاکستانی عوام حکمرانوں کی نا اہلیوں کا سب سے زیادہ خمیازہ بھگت رہے ہیں اور بد قسمتی سے پاکستان کو ناکام ریاست بنایا جا رہا ہے۔ پاکستان بے تحاشا وسائل، با صلاحیت افرادی قوت اور کرشماتی نعمتوں کے باوجود بھوکا پیاسا اور اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے۔ یہاں آج بھی بھوک کی فصل اُگی ہوئی ہے۔ نوجوان نسل اپنے مستقبل سے نا آشنا منتشر گروہ دکھائی دیتی ہے یہ سارے عذاب جو مسلط ہیں ہمارے اعمال کا نتیجہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم دعوت علامہ لطیف مدنی نے اوکاڑہ، پاکپتن سے آئے تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ میر آصف اکبر، علامہ ممتاز صدیقی، صاحبزادہ افتخار الحسن اور علامہ محمد حسین آزاد بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ جو قومیں حرص و ہوس کا شکار ہوجائیں، جہاں غریب سے اسکے بچوں کا نوالہ تک چھین لیا جائے وہاں ایسے عذاب آیا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ جس معاشرے میں یتیم کا حق مارا جائے اللہ تعالیٰ اس معاشرے سے برکت کا ہاتھ اٹھا لیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل سے بے نیاز حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں میں مست ہے۔ علامہ لطیف مدنی نے کہا کہ استحصالی، فرسودہ اور ظالمانہ انتخابی نظام نے پوری قوم کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ جب تک عوام اس ظالمانہ نظام کو نہیں لپیٹیں گے اس وقت تک روشنی کی کوئی کرن نہیں دکھائی دے گی۔ آج ساری قوم کو اجتماعی توبہ کے ساتھ ساتھ ملک پر مسلط چند سیاسی خاندانوں کو ناکام کرنے کیلئے نظام کے خلاف عملی جدوجہد کرنا ہو گی۔

تبصرہ